امریکا کی کیوبا کے اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام پر نئی پابندیاں عائد

امریکا نے کیوبا کے اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔رائٹرز کے مطابق امریکا نے کیوبا کے 11 اعلیٰ سرکاری و فوجی حکام اور اہم سیکیورٹی اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن میں ملک کی انٹیلی جنس ایجنسی اور کئی سینئر عسکری عہدیدار شامل ہیں

واشنگٹن ۔19مئی (اے پی پی):امریکا نے کیوبا کے اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔رائٹرز کے مطابق امریکا نے کیوبا کے 11 اعلیٰ سرکاری و فوجی حکام اور اہم سیکیورٹی اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن میں ملک کی انٹیلی جنس ایجنسی اور کئی سینئر عسکری عہدیدار شامل ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدامات ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی اس وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد کیوبا کی حکومت پر دباؤ بڑھانا ہے۔رپورٹس کے مطابق پابندیوں کا ہدف کیوبا کے وزرائے کابینہ، فوجی قیادت اور وزارتِ داخلہ کے ساتھ ساتھ ملک کی مرکزی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ بھی ہے، جس پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی جبر کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کیوبا کی حکومت نے دہائیوں سے عوامی فلاح کے بجائے اپنے سیاسی مفادات کو ترجیح دی ہے اور ملکی وسائل کو بیرونی انٹیلی جنس و عسکری سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔نئی پابندیوں کے تحت امریکی حکام نے غیر ملکی اداروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر وہ ان نامزد افراد یا اداروں کے ساتھ کاروباری تعلقات رکھیں گے تو انہیں بھی ثانوی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔