ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تازہ تحریری پیغام میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا
امریکا کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے مگر اپنے حقوق کا دفاع کریں گے ، ایران
تہرا ن۔10اپریل (اے پی پی):ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تازہ تحریری پیغام میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا مگر ایک قوم کے طور پر اپنے حقوق کا دفاع کرے گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ پیغام ان کے والد آیت اللہ خامنہ کی موت کے 40 روز پورے ہونے کے موقع پڑھ کر سنایا گیا، جو کہ 28 فروری کو ہونے والے حملوں کا نشانہ بنے تھے۔مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ’ہم نے جنگ چاہی تھی نہ چاہتے ہیں لیکن ہم کسی بھی صورت میں اپنے جائز حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے اور اس سلسلے ہم اس پوری مزاحمت کو ایک مجموعی فریضہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے سٹریٹیجک انتطام کو ایک نئے مرحلے میں داخل کرے گا۔مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود ’وہ یہ نہ سوچیں کہ سڑکوں پر نکلنا اب ضروری نہیں رہا۔پیغام کے مطابق انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر بلند ہونے والی آپ کی آوازیں یقیناً مذاکرات کے نتائج پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔








