امریکا کے وسطی اور مشرقی حصوں میں طویل اور خطرناک ہیٹ ویو کے دوران نیویارک میں ہزاروں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی
امریکا کے وسطی اور مشرقی حصوں میں طویل اور خطرناک ہیٹ ویو جاری ، نیویارک میں ہزاروں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل
نیویارک۔3جولائی (اے پی پی):امریکا کے وسطی اور مشرقی حصوں میں طویل اور خطرناک ہیٹ ویو کے دوران نیویارک میں ہزاروں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ امریکا کی نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو اختتام ہفتہ تک انتہائی ریکارڈ توڑ درجہ حرارت کے ساتھ جاری رہنے کی توقع ہے جس کے دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت 35 سے 45.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ویدر سروس کے مطابق ملک کے وسطی مغربی سے لے کر مشرقی ساحلی علاقوں تک شدید گرمی ہوگی اور اس دوران کئی علاقوں میں گرمی کے پرانے ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں اور بعض علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ وقت گھروں کے اندر رہیں، بار بار پانی پئیں اور اے سی یا کولنگ سینٹرز تک رسائی کو یقینی بنا کر اپنے آپ کو شدید گرمی سے بچائیں۔ پاور آئوٹیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق شدید گرمی کے دوران جمعرات کی سہ پہر نیویارک شہر میں 7,000 سے زیادہ صارفین بجلی کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس میں برونکس اور کوئنز میں تقریباً تمام صارفین شامل تھے۔ نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے رہائشیوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بزرگ اور بیمار افراد کی خصوصی دیکھ بھال کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ شہر میں طبی عملے کے ساتھ کولنگ وینز تعینات کی جا رہی ہیں جو صحت کی جانچ، طبی نگہداشت، پانی اور دیگر سامان جیسے الیکٹرولائٹس اور سن سکرین کے ساتھ ساتھ کولنگ سینٹرز یا صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات تک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔نیویارک کے گورنر کیتھی ہوچول نے کہا کہ بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث ریاست کا الیکٹرک گرڈ شدید دباؤ کا شکار ہے ، شہری رضاکارانہ طور پر بجلی کی بچت کریں اور الیکٹرک آلات کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں، جب ضرورت نہ ہو تو لائٹس اور الیکٹرانکس اشیا کو بند کر دیں ۔









