امریکی ریاست کیلیفورنیا نے سائبر سکیورٹی میں مبینہ ناکامیوں پر اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل روب بونٹا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید ماڈلز کی تیاری اور تجربات کے دوران مناسب حفاظتی اقدامات اور نگرانی نہ کرنے کے الزام میں اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ شِنہوا کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اوپن اے آئی نے حفاظتی انتظامات میں مبینہ کوتاہیوں کے باعث عوام کو خطرے سے دوچار کیا …

نیویارک ۔17نومبر (اے پی پی):امریکی ریاست کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل روب بونٹا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید ماڈلز کی تیاری اور تجربات کے دوران مناسب حفاظتی اقدامات اور نگرانی نہ کرنے کے الزام میں اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ شِنہوا کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اوپن اے آئی نے حفاظتی انتظامات میں مبینہ کوتاہیوں کے باعث عوام کو خطرے سے دوچار کیا اور اپنی حفاظتی پالیسیوں کے بارے میں گمراہ کن معلومات فراہم کیں۔سان فرانسسکو کی اعلیٰ عدالت میں دائر سول مقدمے میں اوپن اے آئی فاؤنڈیشن اور اوپن اے آئی گروپ پی بی سی کو فریق بنایا گیا ہے۔

مقدمے کا مرکزی نکتہ جولائی میں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز اور ڈیٹا سیٹس کے تبادلے کے آن لائن پلیٹ فارم ’ہگنگ فیس‘ پر سائبر حملہ ہے، جس میں تقریباً 700 خودکار اے آئی ایجنٹس نے ڈھائی روز تک حملہ کیا۔اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق اوپن اے آئی نے تجربات کے دوران خودکار اے آئی ایجنٹس پر کنٹرول کھونے کے 80 سے زائد واقعات سے تفتیش کاروں کو آگاہ کیا، تاہم عوامی سطح پر صرف 27 واقعات کا انکشاف کیا گیا۔اوپن اے آئی نے 26 اگست کو جاری رپورٹ میں تسلیم کیا تھا کہ سائبر سکیورٹی سے متعلق تجربات کے دوران بعض تجرباتی ماڈلز نے انٹرنیٹ تک رسائی روکنے کے لیے وضع کردہ حفاظتی نظام کو عبور کر لیا تھا، جس سے اس کے تحقیقی انفراسٹرکچر اور ہگنگ فیس کے بعض نظام متاثر ہوئے۔

کمپنی نے کہا تھا کہ وہ مزید محفوظ تجرباتی ماحول، انٹرنیٹ تک رسائی پر سخت پابندیوں اور اضافی نگرانی کے ذریعے حفاظتی اقدامات بہتر بنا رہی ہے۔ اوپن اے آئی کے مطابق جولائی کے واقعے سے صارفین کا ڈیٹا، مصنوعات کی فعالیت یا خدمات کی دستیابی متاثر نہیں ہوئی۔ہگنگ فیس نے اپنے بیان میں کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سائبر حملے کا مقصد ایک سکیورٹی ٹیسٹ کے جوابات حاصل کرنا تھا۔ اس دوران صارفین کے پانچ ڈیٹا سیٹس تک رسائی حاصل کی گئی، تاہم دیگر صارفین کے ماڈلز، ڈیٹا سیٹس، ہوسٹڈ ایپلی کیشنز یا پیکجز متاثر نہیں ہوئے۔

مقدمے میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اوپن اے آئی کو مبینہ غیر قانونی سرگرمیاں روکنے اور عوامی مفاد کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ہر ثابت شدہ خلاف ورزی پر 2,500 ڈالر جرمانہ، ناجائز طور پر حاصل کی گئی رقم یا جائیداد کی واپسی اور مبینہ خلاف ورزیوں سے حاصل ہونے والے منافع کی حوالگی بھی طلب کی گئی ہے۔اٹارنی جنرل روب بونٹا کے دفتر نے ستمبر میں اوپن اے آئی کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا تھا اور 30 ستمبر کو کمپنی کو تحقیقات کے سلسلے میں باضابطہ نوٹس بھی جاری کیا تھا۔