امریکی سینیٹ، ڈیموکریٹس کا حکومتی فنڈنگ بل کی مخالفت کا اعلان

134
Chuck Schumer
Chuck Schumer

واشنگٹن۔13مارچ (اے پی پی):امریکا کی ریاست نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر چک شومر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ریپبلکنزکے زیر کنٹرول ایوان کی طرف سے منظور کئے گئے سٹاپ گیپ حکومتی فنڈنگ ​​بل کی مخالفت کرے گی، جس سے اس بارے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے کہ آیا کانگریس جمعے کی رات آخری تاریخ سے پہلے شٹ ڈاؤن کو روک سکتی ہے۔

شنہوا کے مطابق گزشتہ روز ایوان نمائندگان نے 213 کے مقابلے میں 217ووٹ سے ستمبر کے آخر تک حکومت کو فنڈز جاری رکھنے کے لئے ایک قرارداد کی منظوری دی ،ایک ریپبلکن نے بل کے خلاف اور ایک ڈیموکریٹ نے حق میں جبکہ باقی قانون سازوں نے اپنی اپنی پارٹی پالیسی کے مطابق ووٹ دیا۔

اگرچہ ریپبلکن پارٹی اس وقت سینیٹ میں اکثریت رکھتی ہے لیکن اس کے پاس 100 میں سے صرف 53 نشستیں ہیں، چونکہ نائب صدر عام طور پر صرف ٹائی ہونے کی صورت میں ووٹ کاسٹ کرتے ہیں اس لئے ریپبلکنز کو 60 ووٹ حاصل کرنے اور کسی بھی ممکنہ فائل بسٹر پر قابو پانے کے لئے آٹھ ڈیموکریٹک سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔

چک شومر نے سینیٹ کے فلور پر کہا کہ حکومت کو فنڈ دینا دو طرفہ کوشش ہونی چاہیے لیکن ریپبلکنز نے متعصبانہ راستہ کا انتخاب کیا اور کانگریس کے ڈیموکریٹس کی طرف سے بغیر کسی ان پٹ اپنی قرارداد کا مسودہ تیار کیا اس وجہ سے ریپبلکنز کے پاس سینیٹ میں پورے ووٹ نہیں ہیں ۔

واضح رہے کہ آخری بار امریکی ایوان نے قلیل مدتی اخراجات کا بل وفاقی حکومت کی فنڈنگ ​​ختم ہونے سے چند گھنٹے قبل دسمبر 2024 کو نصف شب کی ڈیڈ لائن کے فوراً بعد منظور کیا تھا۔اگر کانگریس کے دونوں ایوان اخراجات کا نیا منصوبہ بروقت منظور نہیں کیا گیا تو وفاقی حکومت کے کچھ حصوں کو شٹ ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑے گا۔