امریکی صدرکے جنگ بندی اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں15 فیصد کمی ، سٹاک مارکیٹس میں بہتری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 15فیصد کمی اور سٹاک مارکیٹس میں بہتری دیکھی گئی ہے

لندن۔8اپریل (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 15فیصد کمی اور سٹاک مارکیٹس میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق برینٹ کی قیمت 14.4 فیصد کمی کے ساتھ 93.48 ڈالر پر آگئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 14.7 فیصد کمی کے ساتھ 96.27 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ خام تیل کی یہ قیمتیں ایران جنگ کے آغاز سے قبل کی سطح سے پھر بھی زیادہ ہیں۔ جنگ بندی اعلان کے بعد ایشیا میں تجارت کے آغاز پر ہی آسٹریلیا کے S&P/ASX 200 انڈیکس میں تقریباً 3فیصد ، جاپان کے نکی انڈیکس میں 4فیصدسے زیادہ اور جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں6فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

منگل کی رات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ان کی ڈیڈ لائن گزرنے میں صرف ایک گھنٹہ باقی ہے لیکن وہ ایران کے پلوں، پاور پلانٹس اور دیگر شہری اہداف پر حملوں کو روک رہے ہیں، جب کہ تہران دو ہفتے کی جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر راضی ہے۔اس کے فوراً بعد، ایران کی قومی سلامتی کونسل نے تصدیق کی کہ اگر ایران کے خلاف حملوں کو روک دیا گیا تو اس نے دو ہفتے کی جنگ بندی کو قبول کر لیا ہے۔ ایران نے کہا کہ امریکا کے ساتھ امن مذاکرات جمعہ کو اسلام آباد میں شروع ہوں گے۔اس سے قبل پاکستان کی طرف سے فریقین سے دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی کی درخواست کی گئی تھی۔قبل ازیں جنگ بندی کے اعلان سے پہلے امریکی صدر کی ایران کو سخت کارروائی کی دھمکی کے باعث امریکی سٹاک مارکیٹس میں شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔