امریکی صدر کا مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ’سپر انٹیلی جنس فورس‘ قائم کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں حکومتی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے نئی ’’سپر انٹیلی جنس فورس‘‘ (ایس آئی ایف) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واشنگٹن ۔5اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں حکومتی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے نئی ’’سپر انٹیلی جنس فورس‘‘ (ایس آئی ایف) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تاس کے مطابق امریکی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد ’’سپر انٹیلی جنس فورس‘‘ تشکیل دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق فورس کا مقصد وفاقی حکومت کی کوششوں کو مربوط کرتے ہوئے امریکا کو جدید مصنوعی ذہانت میں عالمی قیادت برقرار رکھنے میں مدد دینا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ فورس صارفین، مفاد عامہ کی تنظیموں، مذہبی اداروں، اہم بنیادی ڈھانچے کے فراہم کنندگان اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ وفاقی حکومت کے رابطے اور تعاون کو مربوط کرے گی۔

فورس کی قیادت ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن کریں گے، جبکہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے چیئرمین اینڈریو فرگوسن، محکمہ جنگ کے انڈر سیکرٹری برائے تحقیق و انجینئرنگ اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر ایمِل مائیکل اور آفس آف پرسنل مینجمنٹ کے ڈائریکٹر اسکاٹ کوپر بھی اس میں شامل ہوں گے۔ فورس صدر ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کو رپورٹ کرے گی۔امریکی میڈیا کے مطابق نئی فورس کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے خطرات اور مواقع سے متعلق رپورٹ تیار کرنے اور اس شعبے میں وفاقی حکومت کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کے لیے 120 دن کی مدت دی گئی ہے۔