واشنگٹن ۔18جولائی (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن کا لاس ویگاس کے دورے کے دوران کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں بیمار ہوں۔رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کرائن جین پیئر نے 81 سالہ صدر کے کورونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ کا اعلان کیا ، جو بائیڈن نے تشخیص کی وجہ سے تقریر منسوخ کر دی۔
جین پیئر نے کہا کہ صدر کو ویکسین لگائی گئی ہے اور انہیں ہلکی علامات کا سامنا ہے۔یہ بیماری جو بائیڈن کے لیے ایسے وقت آئی ہے جب وہ ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اہم ریاستوں میں میدان ہار رہے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ بائیڈن نے اپنے ڈیلاویئر بیچ ہاؤس میں ایک طویل ویک اینڈ گزارنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ بیماری انہیں صدارتی مہم سے کتنی دیر تک دور رکھے گی۔