واشنگٹن۔16اپریل (اے پی پی):امریکی محکمہ خارجہ نے ان رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نیٹو کی فنڈنگ کو روکنے پر غور کر رہی ہے۔ دی اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ٹمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ نیٹو کو برے کرداروں کوروکنے کی غرض سے تشکیل دیا گیا تھا ، امریکی وزیر خارجہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں نیٹو کے ساتھ اپنی مکمل وابستگی کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے نیٹو کی فنڈنگ روکنے کی خبروں کو لوگوں کو خوفزدہ اور پریشان کرنے کی کوشش قرار دیا ۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایک بجٹ تجویز پر غور کر رہی ہے جس کی منظوری کی صورت میں اقوام متحدہ اور نیٹو جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے لئے تقریباً تمام امریکی فنڈنگ ختم ہو جائے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ محکمہ خارجہ کے بجٹ میں تقریباً 50 فیصد کمی کی جائے گی،اسی طرح بین الاقوامی امن کی کارروائیوں، محکمہ خارجہ کے تمام تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں، انسانی امداد اور عالمی صحت کے پروگراموں کو 50 فیصد سے زیادہ کم کرنے کی بھی تجویز ہے۔
ماضی میں ٹرمپ انتظامیہ نیٹو ارکان پر بار بار زور دے چکی ہے کہ وہ اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کریں کیونکہ امریکا تنظیم کے مالی بوجھ کا بڑ ا حصہ برداشت کر رہا ہے جو غیر متناسب ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا نیٹو کے ان ارکان کا دفاع نہیں کر سکتی جو اخراجات کے اہداف کو پورا کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582712