واشنگٹن ۔12اگست (اے پی پی):امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے مشرق وسطیٰ میں ایک گائیڈڈ میزائل آبدوز بھیجنے اور تباہ کن بحری بیڑے ’یو ایس ایس ابراہم لنکن‘ کو بھی علاقے میں فوری طور پر روانہ کرنے کا حکم دیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں اس تازہ پیشرفت کے بارے میں بتایا ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوزکے رپورٹر بارک راویڈ نے ایکس پر بتایا کہ لائیڈ آسٹن نے یہ حکم اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے ساتھ بات چیت کے بعد جاری کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر امریکی فوج کی پوسٹ کے مطابق جوہری آبدوز یو ایس ایس جارجیا جولائی میں بحیرہ روم میں پہلے سے ہی موجود ہے۔امریکی وزیر دفاع کی اپنے اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو کے بعد پینٹاگان نے بیان میں کہا کہ دفاعی سربراہ نے ابراہم لنکن سٹرائیک گروپ کو علاقے میں فوری تعیناتی کا حکم دیا ہے۔پینٹاگان کے پریس سیکرٹری میجر جنرل پیٹ رائیڈر نے کہا کہ لائیڈ آسٹن نے اسرائیل کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا اور بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے تناظر میں مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی طاقت کی پوزیشن اور صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔
امریکی فوج نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں اضافی لڑاکا طیارے اور بحری جنگی جہاز تعینات کرے گی کیونکہ امریکا اسرائیل کے دفاع کو تقویت دینا چاہتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ لائیڈ آسٹن اور یوو گیلنٹ نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور شہری نقصان کو کم کرنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔