امن و ترقی پاکستان کا مستقبل ہے ، شہریار آفریدی

پشاور۔یکم فروری (اے پی پی)وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہاہے کہ امن اور ترقی ہمارا مستقبل ہے 'پاکستان دشمنوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ہم ایک ہیں اور غیرت مند قوم کی طرح دنیا کے ملکوںکی آنکھوںمیں آنکھیں ڈال کر بات کرنا جانتے ہیں۔ جمعہ کے روز کوہاٹ یونیورسٹی میں چین کے تعاون سے قائم کیے گئے سنٹر فار ٹریننگ ٹیچنگ اینڈ ریسرچ سنٹر کی افتتاحی تقریب …

پشاور۔یکم فروری (اے پی پی)وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہاہے کہ امن اور ترقی ہمارا مستقبل ہے ‘پاکستان دشمنوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ہم ایک ہیں اور غیرت مند قوم کی طرح دنیا کے ملکوںکی آنکھوںمیں آنکھیں ڈال کر بات کرنا جانتے ہیں۔ جمعہ کے روز کوہاٹ یونیورسٹی میں چین کے تعاون سے قائم کیے گئے سنٹر فار ٹریننگ ٹیچنگ اینڈ ریسرچ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہر یار آفریدی نے کہاکہ جنوبی اضلاع کاروبار کا مرکز بن گئے ہیں کیونکہ یہ قدرتی وسائل سے مالا مال اضلاع ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع جوکہ سنٹرل ایشیاء کا گیٹ وے ہیں ‘میںسرمایہ کاری کے وافر مواقع ہیں اورحکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے دور رس اقدامات کیے ہیں جن میں 183 ممالک کے لئے آن لائن ویزہ سہولت اور پچاس ممالک کے باشندوں کو پاکستان پہنچنے پر ویزہ دینے کی سہولت شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ سہولت یورپ ‘ امریکا اور کینڈا میں بسنے والے ہندوستانیوں کے لئے بھی ہے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ویزہ فراہمی کے طریقہ کا ر پر پہلے مہینے لگ جاتے تھے اب اس طریقہ کار کو سہل کردیاگیا ہے اوراب اس طریقہ کار پرسات سے دس دن لگیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم دنیاکو دعوت دیتے ہیںکہ آئیں اور یہاں پر سرمایہ کاری کریں جہاں پر سرمایہ کاری پر منافع دنیا کے دیگر علاقوں سے بہت بڑھ کر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام اور سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت یہاں پر امن قائم ہوچکاہے اورجنوبی خیبر پختونخوا اتنا ہی پرامن علاقہ ہے جتنا کہ دنیا کے ترقیافتہ ممالک کے علاقے ہیںجس کا ثبوت چائنہ کے سفیر کی یہاں کوہاٹ یونیورسٹی میں آ مد اور تقریب میں شرکت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چائینہ دوستی کے اٹوٹ رشتے میں بند ھے ہوئے ہیں اور ہم چائنہ کے ساتھ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے محبت کرتے ہیں۔ شہر یار آفرید ی نے کہاکہ کوہاٹ یونیورسٹی میں اس ریسرچ سنٹر کا افتتاح جنوبی اضلاع کا ترقی کی طرف پہلا قدم ہے جس سے جنوبی اور ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے نوجوان مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے ذہن پر قبضہ کرنے کے لئے ہائبرڈ جنگ لڑی جارہی ہے اسی لئے نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ سب کچھ چھوڑ کر صرف اور صرف حصول تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ دشمن اپنے اس منصوبے میں بھی ناکام ہو۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پر دشمنوں سے ایک جنگ مسلط کی اور ہمیں اپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی تاہم عوام اور سیکورٹی فورسز نے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کی راہ روڑے اٹکانے کیلئے اب مخالفین پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان کے خلاف پروپیگنڈے کررہے ہیں تاہم حکومت ملک کی ترقی کے ایجنڈے پر ثابت قدم ہے ۔شہریار آفرید ی نے کہاکہ عمران خان کا نعرہ انصاف اور امن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کے اندازوں کو غلط ثابت کردیا ۔انہوں نے کہاکہ اب اس ملک کے فیصلے پاکستان میں ہی ہونگے اور پاکستان کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا ۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف اقدامات اور اداروں میں اصلاحات کے بعد پوری دنیا پاکستان کی طرف متوجہ ہوگئی اور پاکستان کا امیج بہتر ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل قریب میں ملک کی ترقی کے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کوہاٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سنٹر بنانے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر نے کہاکہ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے چین مکمل تعاون کرے گا ۔انہوں نے کہاکہ جتنے طلباء حصول تعلیم کیلئے چین جانا چاہتے ہیں ان سے ہر قسم کا تعاون کیاجائیگا ۔چینی سفیر نے اگلے سال سے 50 طلباء کے لئے سکالر شپ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ۔