لاہور۔8فروری (اے پی پی):پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیرالدین میڈیکل کالج کے ہونہار طالب علم ثقلین امداد نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے تحت فورتھ پروفیشنل ایم بی بی ایس سالانہ امتحانات میں پنجاب بھر کے 43 میڈیکل کالجز میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے اس کامیابی کو یادگار بنانے کے لیے …
امیرالدین میڈیکل کالج ، پوزیشن ہولڈر طالب علم کی تصویر کالج کے ”رول آف آنر” پر نمایاں کرنیکا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔8فروری (اے پی پی):پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیرالدین میڈیکل کالج کے ہونہار طالب علم ثقلین امداد نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے تحت فورتھ پروفیشنل ایم بی بی ایس سالانہ امتحانات میں پنجاب بھر کے 43 میڈیکل کالجز میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے اس کامیابی کو یادگار بنانے کے لیے اعلان کیا کہ پوزیشن ہولڈر ثقلین امداد کی تصویر کالج کے ”رول آف آنر” پر نمایاں کی جائے گی تاکہ یہ اعزاز موجودہ اور نئے آنے والے طلبہ کے لیے حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا ذریعہ بنے۔
پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے طالب علم ثقلین امداد، ان کے والدین اور تدریسی عملے کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز اساتذہ کی شبانہ روز محنت،والدین کی دعائوں اور طالب علم کے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔ امیرالدین میڈیکل کالج نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر ملک کو بہترین معالجین فراہم کرنے والے ادارے کے طور پر اپنی شناخت ثابت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے طلبہ کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں پی جی ایم آئی کے نہایت قابل اور تجربہ کار اساتذہ کی سرپرستی میسر اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دنیا بھر میں ”سبز پاسپورٹ” کا وقار بلند کرتے ہوئے پاکستان کے اصل سفیر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ پرنسپل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کالج کے نوجوان ڈاکٹرز مستقبل میں بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں سے مادرِ علمی اور قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔








