عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس موقع پر 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان …
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی انتظامات، 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس موقع پر 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات کیے جائیں گے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل ٹریفک انتظامات کے لیے ٹریفک افسران بھی فرائض سرانجام دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جلوس کے شرکاء کو صرف مقررہ انٹری پوائنٹس سے داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے۔ جلوس میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کی مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔قاضی علی رضا کے مطابق جلوس کے روٹس اور اطراف کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ اہم عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ سکیورٹی کے پیش نظر جلوس کے روٹس سے ملحقہ گلیاں، سڑکیں اور دیگر راستے عارضی طور پر سیل کیے جائیں گے۔
تھانوں کی موبائلز، پولیس کمانڈوز کی خصوصی ٹیمیں اور پٹرولنگ سکواڈ اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی اور گشت کے فرائض انجام دیں گے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔








