انتھونی جوشوا کی باکسنگ رنگ میں واپسی کا اعلان، جولائی میں کرسٹیان پرینگا سے ٹکرائیں گے

انتھونی جوشوا کی باکسنگ رنگ میں واپسی کا اعلان، جولائی میں کرسٹیان پرینگا سے ٹکرائیں گے

ریاض۔28اپریل (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق نامور ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن انتھونی جوشوا نے طویل انتظار کے بعد باکسنگ رنگ میں واپسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ای ایس پی این کے مطابق انتھونی جوشوا 25 جولائی کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں رنگ میں واپسی کریں گے جہاں ان کا مقابلہ البانوی حریف کرسٹیان پرینگا سے ہوگا۔

اس بات کی تصدیق میچ روم باکسنگ نے کر دی ہے۔یہ فائٹ سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ کے ساتھ دو مقابلوں کے معاہدے کا پہلا حصہ ہے جبکہ دوسری فائٹ رواں سال کے آخر میں برطانوی باکسر ٹائسن فیوری کے خلاف متوقع ہے۔

انتھونی جوشوا اور ٹائسن فیوری کے درمیان مقابلہ طے پا چکا ہے، جس کی تصدیق سوشل میڈیا پر بھی کی گئی۔ دونوں باکسرز کے درمیان گزشتہ ایک دہائی سے ممکنہ فائٹ پر بات چیت جاری رہی، تاہم اب یہ مقابلہ 2026 میں ہونے کا قوی امکان ہے۔

انتھونی جوشوا اس سے قبل دسمبر میں میامی میں ہونے والی فائٹ میں جیک پال کو چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر چکے ہیں۔ تاہم اسی ماہ ایک ٹریفک حادثے میں ان کے دو قریبی ساتھیوں کی ہلاکت کے بعد انہوں نے کچھ عرصہ مقابلوں سے دوری اختیار کی۔29 فتوحات اور 4 شکستوں کا ریکارڈ رکھنے والے انتھونی جوشوا نے حالیہ عرصے میں یوکرین کے عالمی چیمپئن اولیکسینڈر اوسیک کے ساتھ سپین میں تربیت حاصل کی ہے اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب ٹائسن فیوری نے 11 اپریل کو لندن میں ارسلان بیک مخمودوف کو شکست دینے کے بعد انتھونی جوشوا کو چیلنج کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ اگر ان کا اگلا مقابلہ انتھونی جوشوا سے نہ ہوا تو وہ باکسنگ میں دلچسپی نہیں رکھتے۔کرسٹیان پرینگا، جن کی عمر 35 سال ہے اور وہ نیو جرسی سے فائٹ کرتے ہیں، نے اب تک 20 میں سے 20 فتوحات ناک آؤٹ کے ذریعے حاصل کی ہیں جبکہ انہیں صرف ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انتھونی جوشوا نے انہیں حریف منتخب کر کے غلطی کی ہے اور وہ اس فائٹ میں بڑا اپ سیٹ کریں گے۔جوشوا کا کہنا ہے کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ رنگ میں واپس آ رہے ہیں اور اپنی جیت کا سلسلہ وہیں سے شروع کریں گے جہاں چھوڑا تھا جبکہ شائقین اب جولائی میں ہونے والے اس اہم مقابلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

مزید خبریں