انسانی ترقی، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے ہمیں تخلیقی سوچ کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا، مریم نواز

وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں انسانی ترقی، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے تخلیقی سوچ کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور جدت پسند امنگیں معاشرے کی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

لاہور۔21اپریل (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں انسانی ترقی، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے تخلیقی سوچ کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور جدت پسند امنگیں معاشرے کی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ تخلیقی اور جدت کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کا مقصد ہمیں اپنی سوچ کو وسیع کرنے اور نئے خیالات کو گلے لگانے کا عہد کرناہے۔ دوسروں کے آئیڈیاز کو سننا اور ٹیم ورک کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا جدت کو فروغ دیتا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں اور تعلیم میں ٹیکنالوجی اور جدت کا استعمال ناگزیر ہے۔ دنیا کو بدلنے کے لیے بڑے وسائل کی نہیں بلکہ بڑے خیالات کی ضرورت ہے۔پاکستان میں بھی نوجوان ای – کامرس اور اے آئی کے میدان میں آگے آرہے ہیں۔ تخلیق کوئی پیدائشی تحفہ نہیں یہ ایک عادت ہے جو محنت اور موقع سے پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہی ہے۔ پنجاب کی تاریخ کا پہلانواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور میں بننے جارہا ہے۔ حکومت نے گوگل کے تعاون سے پنجاب کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے مفت سرٹیفکیشن کورسز کا آغاز کیا ہے۔ طلبہ کی آئی ٹی ٹیکنالوجیز ٹریننگ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر سرکاری محکموں میں سمارٹ آئی ٹی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔الیکٹرو بس سے پنجاب کے ٹرانسپورٹ کلچر کو جدت کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ حکومت لاہور سے راولپنڈی کے درمیان تیز رفتار ٹرین اور لوکل روٹ پر نئی ٹرینوں سے سفر کے کلچر میں جدت لا رہی ہے۔