انسانی ہمدردی متاثرین کے وقار، تحفظ اور انصاف کو یقینی بنانے کا تقاضا کرتی ہے، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کے امدادی کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل اور خطرناک حالات میں امدادی کارکنان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، جو انسانیت، ہمدردی اور بے لوث خدمت کی روشن مثال ہے،انسانی ہمدردی صرف فوری امداد کا نام نہیں بلکہ متاثرین کے وقار، …

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کے امدادی کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل اور خطرناک حالات میں امدادی کارکنان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، جو انسانیت، ہمدردی اور بے لوث خدمت کی روشن مثال ہے،انسانی ہمدردی صرف فوری امداد کا نام نہیں بلکہ متاثرین کے وقار، تحفظ اور انصاف کو یقینی بنانے کا تقاضا بھی کرتی ہے۔ انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ قدرتی آفات اور بحرانوں کے دوران امدادی کارکنان کا کردار انتہائی قابلِ قدر ہے، انسانی ہمدردی اور احترامِ انسانیت ہماری مشترکہ اخلاقی ذمہ داری ہے، بحرانوں کے دوران متاثرہ افراد کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں، معذور افراد اور دیگر کمزور طبقات کا تحفظ ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ ہنگامی حالات میں ریاست کو متاثرہ افراد کو بلاامتیاز تحفظ فراہم کرنا ہوگا، انسانی ہمدردی صرف فوری امداد کا نام نہیں بلکہ متاثرین کے وقار، تحفظ اور انصاف کو یقینی بنانے کا تقاضا بھی کرتی ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ریاستی اداروں، سول سوسائٹی، طبی عملے اور رضاکاروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، بحرانوں میں کوئی فرد بے یارومددگار نہ رہے، یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق، احترامِ انسانیت اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر قائم ہے، انسانی ہمدردی کے مؤثر نظام میں امداد کے ساتھ متاثرین کی بحالی بھی ضروری ہے اور انہیں انصاف و بنیادی سہولیات تک رسائی یقینی بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی عالمی تعاون، یکجہتی اور مشترکہ ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔ امدادی کارکنان بحرانوں میں امید، حوصلے اور انسانیت کی علامت ہیں۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ضرورت مند انسانوں کی مدد اور احترامِ انسانیت کے اصول پر قائم ہے۔ مشکل کی گھڑی میں متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہونا انسانیت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے تمام امدادی کارکنان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے کا اظہار کیا

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں