انسداد پولیو مہم میں کوئی بچہ مسنگ نہیں ہونا چاہیے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی، پختون فلاحی تنظیم کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 21 سے 24 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات، مائیکرو پلان، پولیو ٹیموں کی تربیت، …

راولپنڈی۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی، پختون فلاحی تنظیم کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 21 سے 24 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات، مائیکرو پلان، پولیو ٹیموں کی تربیت، ویکسین اور لاجسٹک انتظامات سمیت کمیونٹی موبلائزیشن سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 9 لاکھ 89 ہزار 924 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 4 ہزار 215 موبائل ٹیمیں، 232 فکسڈ ٹیمیں اور 176 ٹرانزٹ ٹیمیں خدمات سرانجام دیں گی جبکہ مہم کی نگرانی کے لیے 686 ایریا انچارجز اور 200 یونین کونسل مانیٹرنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم میں فرائض سرانجام دینے والے تمام پولیو ورکرز کی تربیت میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی نہیں ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں انجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیموں کو بچوں کی ویکسی نیشن، فنگر مارکنگ، ریکارڈنگ اور مسنگ بچوں کی کوریج کے حوالے سے مکمل طور پر تربیت یافتہ ہونا چاہیے۔انہوں نے رجسٹرڈ بچوں کے مسنگ ہونے کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی رہ جانے والے بچے کو فوری طور پر کور کیا جائے۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں موثر نگرانی اور مہم کے دوران روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔