لاہور۔13 جنوری(اے پی پی )صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ 2020ء عوام کی بہتری اور تعمیر و ترقی کا سال ہو گا اور اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی کو بھی کنٹرول کیا جائے گا، باہر بیٹھ کر (ن) لیگ کی قیادت ان ہائوس تبدیلی کا خواب دیکھ رہی ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف اپنے پانچ سال پورے …
انشاء اللہ 2020ء عوام کی بہتری اور تعمیر و ترقی کا سال ہو گا، فیاض الحسن چوہان کا صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب

مزید خبریں
لاہور۔13 جنوری(اے پی پی )صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ 2020ء عوام کی بہتری اور تعمیر و ترقی کا سال ہو گا اور اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی کو بھی کنٹرول کیا جائے گا، باہر بیٹھ کر (ن) لیگ کی قیادت ان ہائوس تبدیلی کا خواب دیکھ رہی ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف اپنے پانچ سال پورے کرے گی بلکہ 2023ء میں ہونیوالے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری،صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اورصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی موجود تھیں۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف نے بیان دیا ہے کہ اگر بھارتی پارلیمنٹ اجازت دے تو ہم آزاد کشمیر پر بھی قبضہ کر لیں گے، اس بیان کی پر زور مذمت کرتا ہوں اور ان کی فوج اسٹیبلشمنٹ اور اس خطے کے ہٹلر نریندر مودی کو یاد دلاتا ہوں کہ 27 فروری 2019ء کو ان کے طیارے مار گرائے اور ان کا پائلٹ ابھی نندن واپس کیا تھا، اس میں بھارت کی بہت رسوائی ہوئی، انہوں نے کہا کہ بھارت کو وہ ذلت اور رسوائی نہیں بھولنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، اس کی مسلح افواج اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہیں اور پاکستان کی سربلندی اور بقاء پر متفق و متحد ہیں۔ ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن دشمن یاد رکھیں کہ ہم اپنے وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے سے پہلے کہا تھا کہ نئی آنیوالی حکومت کسی بھی جماعت کی ہو وہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے نہیں بچا سکے گی لیکن وزیراعظم عمران خان نے بڑی مشکل اور جدوجہد کے ساتھ نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کے ساتھ ٹریفک وارڈن نے جو بدتمیزی کی ہے اس کی پر زور مذمت کرتا ہوں، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور وزیر قانون راجہ بشارت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس کیلئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے، اگر ٹریفک وارڈن نے بدتمیزی کی ہے تو اس کی سزا ا سے ضرور ملنی چاہئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان میڈیا کا کردار بڑا واضح ہے۔ گزشتہ 15 سال سے عمران خان نے جو پیغام لوگوں تک پہنچایا ہے اس میں بھی میڈیا کا بہت بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پنجاب میں گراس روٹ لیول پر تنظیم بنا رہی ہے جس میں ایک لاکھ عہدیدار بنائے جائیں گے۔ یہ عہدیدار گوجرانوالہ ساہیوال اور لاہور ڈویژن سے بنائیں جائیں گے۔ انشاء اللہ تحریک انصاف مارچ میں تنظیمی کنونشن منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرے تاکہ حکومت کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں اور اگر ہم سے کوئی غلطی ہو جائے تو میڈیا کو چاہئے کہ وہ ہماری اصلاح کرے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جمہوریت کیلئے سیاسی پارٹیوں کا بڑا بنیادی کردار ہے ،میڈیا کی وساطت سے جمہوری عمل کے ثمرات حکومت کی طرف سے عوام تک پہنچنے چاہئیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی وزیر اطلاعات کی میڈیا کوآرڈینیٹر مسرت جمشید چیمہ بھی موجود تھیں۔








