سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ، مدینہ منورہ میں ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے نیا اجازت نامہ گزشتہ اجازت نامے کے 365 دن بعد جاری ہوسکے گا۔
ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے نیا اجازت نامہ 365 دن بعد جاری ہوسکے گا،وزارتِ حج و عمرہ

مزید خبریں
ریاض۔12اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ، مدینہ منورہ میں ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے نیا اجازت نامہ گزشتہ اجازت نامے کے 365 دن بعد جاری ہوسکے گا۔ العربیہ اردو کے مطابق وزارت نے گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ، مدینہ منورہ میں ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے نیا اجازت نامہ جاری کرنے کی شرط مقرر کی ہے کہ گزشتہ اجازت نامے کے اجرا کے بعد 365 دن گزر چکے ہوں۔ وزارت نے وضاحت کی ہے کہ یہ مدت مکمل ہونے کے بعد مستفید ہونے والے کی اہلیت اور ’’نسک‘‘ ایپ پر دستیاب اوقات کے مطابق نئے اجازت نامے کا اجرا ممکن ہوگا۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے وضاحت کی ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے قریب موجود زائرین دستیاب اوقات کے مطابق ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کی غرض سے ’’فوری بکنگ‘‘ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ان سہولیات کے ذریعے ریاض الجنہ میں زائرین کے داخلے کو منظم کرنے اور زیارت کے اوقات کا انتظام کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ریاض الجنہ مسجد نبوی ﷺ میں حجرہ مبارک اور منبرِ رسول ﷺ کے درمیان واقع ہے۔ ریاض الجنہ کا رقبہ تقریباً 330 مربع میٹر ہے، جس کی لمبائی لگ بھگ 22 میٹر اور چوڑائی 15 میٹر ہے۔







