ضلعی انتظامیہ ملتان کا غیر قانونی سلاٹرنگ اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ضلعی انتظامیہ ملتان نےغیرقانونی سلاٹرنگ اورمضرِ صحت اشیائے خورونوش کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنےکا فیصلہ کیا ہے

ملتان۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ملتان نےغیرقانونی سلاٹرنگ اورمضرِ صحت اشیائے خورونوش کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر لائیواسٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جوغیر قانونی ذبح خانوں، غیر معیاری گوشت، ملاوٹ شدہ دودھ اورمضرِ صحت مشروبات کی فروخت روکنے کے لیے مشترکہ کارروائیاں کریں گی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز فرحان خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محسن نثار سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے اور خوراک میں ملاوٹ کے سدباب کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ غیرقانونی سلاٹرنگ میں ملوث عناصرکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اورغیر قانونی مذبح خانوں کے خلاف مؤثراقدامات کیےجائیں۔انہوں نےمزید کہا کہ جانور وں کی سلاٹرنگ صرف مقررہ سلاٹر ہاؤس میں کی جائے گی اور اس حوالے سے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ملاوٹ شدہ دودھ، غیر معیاری گوشت اور مضرِ صحت مشروبات فر وخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا ئیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری پرزوردیا کہ وہ حفظانِ صحت کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے اورعوام کو معیاری اشیائےخورونوش فراہم کرے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مشترکہ کارروائیوں اور مسلسل نگرانی کے ذریعے خوراک میں ملاوٹ اور غیر قانونی سلاٹرنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطا بق شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ محکموں کی کارروائیوں کو مؤثر بنایا جائے گا۔

مزید خبریں