انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے نئی عالمی مہم میڈ فار ہاکی، میڈ فار ایل اے کا آغاز کر دیا
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے نئی عالمی مہم میڈ فار ہاکی، میڈ فار ایل اے کا آغاز کر دیا
لاہور۔23جون (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل اولمپک ڈے کے موقع پر اپنی نئی عالمی مہم میڈ فار ہاکی، میڈ فار ایل اے کا آغاز کر دیا ۔ ترجمان کے مطابق یہ مہم ایف آئی ایچ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے مختلف مقامات پر شروع کی گئی، جس کا مقصد ہاکی کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے کھلاڑیوں، ٹیموں، شائقین، رضاکاروں اور مقامی کمیونٹیز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اس مہم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ دنیا کے عظیم کھلاڑی پیدائشی طور پر کامیاب نہیں ہوتے بلکہ محنت، لگن، استقامت اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے اپنی منزل حاصل کرتے ہیں۔ میڈ فار ہاکی صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ کھیل کے لیے وقف جذبے، مسلسل بہتری اور کامیابی کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ ایف آئی ایچ نے اس مہم کو آئندہ لاس اینجلس اولمپکس کے تناظر میں بھی جوڑا ہے۔
لاس اینجلس کو جدت، بلند حوصلے اور تخلیقی صلاحیتوں کا شہر قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ خصوصیات ہاکی کے روشن مستقبل اور اولمپک سٹیج پر اس کے سفر سے مکمل مطابقت رکھتی ہیں۔اس کے ذریعے کھلاڑیوں، ٹیموں، شائقین، کمیونٹیز اور کامیابی کے یادگار لمحات کو اجاگر کیا جائے گا۔
ایف آئی ایچ حسب روایت انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی عالمی مہم کی بھی بھرپور حمایت کرے گا۔ رواں سال اولمپک ڈے کا موضوع ’’یو کین ڈو دس، لیٹس موو ‘‘ رکھا گیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو جسمانی سرگرمیوں اور کھیلوں کے ذریعے صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔آئی او سی اور عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے جاری لیٹس موو مہم خاص طور پر نوجوانوں کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ایف آئی ایچ اپنی سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے اس پیغام کو مزید فروغ دے گا اور ہاکی کے بنیادی اصولوں، شمولیت، متحرک زندگی اور تاحیات کھیلوں میں شرکت کی اہمیت کو اجاگر کرے گا۔23 جون کو میڈ فار ہاکی، میڈ فار ایل اے مہم کو ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے مختلف مقامات پر بڑی سکرینز پر بھی پیش کیا گیا تاکہ کھلاڑی، شائقین اور تماشائی اس مہم کا براہِ راست تجربہ کر سکیں۔
ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اولمپک ڈے کے موقع پر ایک مشترکہ اور یادگار تجربہ فراہم کرنا ہے جو ہاکی کے مستقبل اور کھیلوں کی ترغیبی قوت کو اجاگر کرے۔ اس موقع پر ایف آئی ایچ کے صدر نے کہا کہ ہاکی اولمپک تحریک کا ایک فعال اور پرعزم حصہ ہے اور اولمپک ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کھیل لوگوں کو متاثر کرنے، متحد کرنے اور متحرک بنانے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈ فار ہاکی، میڈ فار ایل اے مہم ہر اس کھلاڑی، مداح اور کمیونٹی کے سفر کا جشن ہے جو ہاکی کی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہے۔









