ریسکیو 1122 سرگودھا میں 10 محرم الحرام تک ’’کوڈ ریڈ‘‘ نافذ
ریسکیو 1122 سرگودھا میں 10 محرم الحرام تک ’’کوڈ ریڈ‘‘ نافذ

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 23 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سرگودھا مظہر شاہ نے 7 سے 10 محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور فوری امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے ’’کوڈ ریڈ‘‘ نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق محرم الحرام کے حساس ایام میں تمام دستیاب انسانی و تکنیکی وسائل کو مکمل طور پر متحرک رکھا جائے گا تاکہ جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں بروقت اور موثر ردعمل دیا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے تمام ریسکیو افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی متعلقہ ریسکیو اسٹیشنز اور ڈیوٹی پوائنٹس پر رپورٹ کریں اور آئندہ احکامات تک ہائی الرٹ رہیں۔ اہلکاروں کو ضروری ذاتی سامان، حفاظتی آلات اور دیگر ضروری اشیاءاپنے ہمراہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
مظہر شاہ نے بتایا کہ ریسکیو 1122 سرگودھا نے محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور عزاداروں کو بروقت امدادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف مقامات پر ریسکیو اہلکار، ایمبولینسز اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔








