آر ٹی ایس کمیشن میں 33 شہریوں کی شکایات کی شنوائی، خدمات کی فراہمی میں تاخیر ناقابلِ برداشت قرار

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں 33 شکایات کی شنوائی، شہریوں کی درخواستوں پر احکامات جاری

پشاور۔ 23 جون (اے پی پی):پشاور میں رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں 33 عوامی شکایات کی شنوائی ہوئی۔ آ ر ٹی ایس کمیشن تر جمان کے مطابق چیف کمشنر محمد علی شہزادہ اور کمشنر ذاکر حسین آفریدی نے شہریوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ہری پور سے دو شہریوں نعیم الرحمان اور عابد خان کے درخواستوں پر کاروائی کرتے ہوئے کمیشن نے ڈی سی اور ڈی پی او کو احکامات جاری کئے۔

ہنگو سے تعلق رکھنے والے عمر حسین کی زمین کی حد براری کا عمل مکمل کیا گیا اسی طرح پشاور سے عاصم خان کی ایف آئی آر بھی درج ہو گئی جبکہ نوشہرہ کے شہری توقیر جمال کو کمیشن کے احکامات پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا۔ نوشہرہ سے شہریار نے وراثتی انتقالات کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی، انہیں بھی مذکورہ سروس مہیا کر دی گئی۔ شہریوں نے بروقت کارروائی پر کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ اسلحہ لائسنس کے اجراء کی مختلف درخواستوں پر کاروائی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیشن کے احکامات پر عمل در آمد کرتے ہوئے پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔ کمیشن نے سرکاری افسران کو عوام کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے پر زور دیا اور تاکید کی کہ بنیادی خدمات کا حصول عوام کا حق ہے اور ان کا بروقت اور مؤثر طریقے سے مہیا کرنا سرکاری اداروں کی اہم ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی نہ بھرتی جائے۔