حکومت نے عوام دوست، غریب دوست اور ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے، صوبائی وزیر ہائوسنگ

خیبرپختونخوا کا بجٹ 2026-27 عوام دوست اور ٹیکس فری ہے: صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی

پشاور۔ 23 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک عوام دوست، غریب دوست اور ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے، جس میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تعلیم کے شعبے کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح صحت کے شعبے کے لیے بھی ریکارڈ وسائل فراہم کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔صوبائی وزیرڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ صحت کارڈ پروگرام کے لیے گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ رقم مختص کی گئی ہے، جس سے صوبے کے عوام کو معیاری اور مفت علاج کی سہولت مزید بہتر انداز میں فراہم کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی اور کسانوں کی فلاح کے لیے اضافی وسائل رکھے گئے ہیں جبکہ انفراسٹرکچر، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں، جن کے لیے الگ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، ترقی اورخوشحالی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ڈاکٹر امجد علی نے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ 2026-27 عوام کی امنگوں کا حقیقی ترجمان ثابت ہوگا اور صوبے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں