وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت کی زیر صدارت ایگریکلچر ڈویلپمنٹ فنڈ کے مجوزہ ایس او پیز کا جائزہ اجلاس

ایگریکلچر ڈویلپمنٹ فنڈ کے ایس او پیز پر غور، اہم اجلاس میاں محمد عمر کی زیر صدارت منعقد

پشاور۔ 23 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر کی زیر صدارت ایگریکلچر ڈویلپمنٹ فنڈ کے مجوزہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرزحوالے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر نوید، ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ ڈاکٹر عبدالرؤف سمیت محکمہ زراعت کے متعلقہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایگریکلچر ڈویلپمنٹ فنڈ کے انتظامی، مالیاتی اور آپریشنل امور سے متعلق مجوزہ ایس او پیز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو مجوزہ اصلاحات، ادارہ جاتی ڈھانچے، بیج کی پیداوار، ذخیرہ، پروسیسنگ، مارکیٹنگ اور مالیاتی نظم و نسق سے متعلق مختلف تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔مشیر زراعت میاں محمد عمر نے کہا کہ معیاری بیج زرعی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ایگریکلچر ڈویلپمنٹ فنڈ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور بیج کے شعبے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ مجوزہ ایس او پیز کا مقصد شفافیت، احتساب اور ادارہ جاتی استعداد کار کو بہتر بنانا ہے تاکہ کسانوں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیجوں کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں بیج کی پیداوار سے لے کر مارکیٹنگ تک کے پورے نظام، سرکاری سیڈ فارمز کے انتظام، مالیاتی امور، ڈیجیٹل نظام کے استعمال اور مختلف اداروں کے مابین رابطہ کاری کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر زراعت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ ایس او پیز کو تمام قانونی اور انتظامی تقاضوں کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے تاکہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی فلاح کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔