خیبرپختونخوا حکومت اور یونیسیف کا بچوں کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

خیبرپختونخوا حکومت اور یونیسیف کے درمیان بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے تعاون میں توسیع پر اتفاق

پشاور۔ 23 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت اور یونیسیف نے صوبے میں بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور کمزور طبقات کی معاونت کے لیے اپنے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے، اس حوالے سے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اور خواتین کی ترقی ملک لیاقت علی خان اوریونیسیف کے وفد کی سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات ہوئی اور بچوں کے تحفظ، ان کے سماجی بہبود اور کمیونٹی کی سطح پر حفاظتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و خواتین کی ترقی شریف حسین، خیبر پختو نخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے چیف اعجاز محمد خان اور یونیسیف کی چیف آف فیلڈ آفس پشاور ریزولو ریڈیک سمت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کی جانب سے یونیسیف کے تعاون سے بچوں کے تحفظ کے شعبے میں حاصل ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن پالیسی اور چائلڈ کیئر انسٹیٹیوشنز کے ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری میں یونیسیف کی تکنیکی معاونت کلیدی اہمیت کی حامل رہی ہے۔ ملک لیاقت علی خان نے یونیسیف کے دیرینہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بچوں کے حقوق کے تحفظ، سماجی بہبود اور کمزور طبقات کی معاونت کے لیے مشترکہ کوششوں نے مثبت نتائج دئیے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بچوں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔اجلاس میں خاندانی اور کمیونٹی سطح پر معاونتی نظام کو مضبوط بنانے، حفاظتی خدمات کی فراہمی میں بہتری، ضلعی چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے قیام میں توسیع، سماجی بہبود کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور خطرات سے دوچار بچوں کے لیے مربوط خدمات کی فراہمی جیسے اہم امور پر بھی اتفاق کیا گیا۔یونیسیف کے وفد نے اس موقع پر حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے تحفظ کا ایک مؤثر نظام ہی معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بچوں کے حقوق، تحفظ، تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ خیبر خیبرپختونخوا کے ہر بچے کو محفوظ، باوقار اور بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔