فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قومی و بین الاقوامی خدمات قابلِ تحسین ہیں، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کا اظہارِ اعتراف

راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر و میڈیا کوآرڈینیٹر عزیز احمد اعوان، میجر(ر) جنرل محمد نعیم ، بریگیڈیئر (ر) فاروق حمید اور میجر(ر) خانزادہ محمد علی نے اپنے مشترکہ بیان میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قومی اور بین الاقوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی دانشمندانہ قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور پاکستانی قوم کی عزت و وقار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک عظیم سپہ سالار کی حیثیت سے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔ ان کی قیادت میں دنیا کو یہ پیغام ملا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست ہے جو خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر جنگ لڑی ہے اور عالمی امن کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کی مؤثر ترجمانی کرتے ہوئے ملک کا پرچم سربلند کیا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ پاکستان کے سپہ سالار نے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور حقیقی چہرہ متعارف کرایا۔ ان کی خدمات کو قوم ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی اور ان کی قومی خدمات کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے پاکستان کے وقار، دفاع اور بین الاقوامی ساکھ کو مزید مضبوط بنایا ہے جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔