سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 1448 ہجری کیلئے حجاج کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے لائسنس درخواستیں طلب کر لیں
سعودی وزارت حج و عمرہ کا غیر ملکی حجاج کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس کے لیے درخواستیں وصول کرنے کا اعلان،درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 محرم الحرام مقرر

مزید خبریں
مکہ مکرمہ/اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ضیوف الرحمن (اللہ کے مہمانوں) کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار مزید بہتر بنانے کے لیے آئندہ حج سیزن 1448 ہجری کے لیے بیرونی ممالک کے حجاج کرام کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس کی درخواستیں وصول کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد حج کے عمل کو زیادہ موثر، منظم اور اعلیٰ معیار کا بنانا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو بہترین اور پرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔ لائسنس کے حصول کے لیے خواہش مند کمپنیاں 10 محرم الحرام سے 14 محرم الحرام 1448 ہجری تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتی ہیں۔وزارت حج و عمرہ نے درخواست دینے والی کمپنیوں کے لیے چند سخت اور لازمی شرائط بھی وضع کی ہیں تاکہ صرف مستند اداروں کو ہی یہ ذمہ داری سونپی جائے۔ ان شرائط کے تحت ضیافت (ہاسپیٹلٹی) فراہم کرنے والی کمپنی کا وزارتِ سیاحت سے لائسنس یافتہ ہونا ضروری ہے جس کی درجہ بندی (ریٹنگ) کم از کم فور سٹار ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار ایئر لائن کا قومی فضائی کمپنیوں میں شامل ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کمپنیوں کے لیے مالیاتی اہلیت کے تمام تقاضوں کو پورا کرنا اور منظور شدہ تقابلی معیار کے امتحانات کو پاس کرنا بھی لازمی ہوگا۔وزارت نے اپنے وضاحتی نوٹ میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ محض درخواست جمع کرانا یا ابتدائی شرائط پر پورا اترنا حتمی منظوری کی ضمانت نہیں ہوگا، بلکہ تمام موصول ہونے والی درخواستوں کی مروجہ اور منظور شدہ تقابلی قوانین کے تحت سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔ وزارت حج و عمرہ نے تفصیلات اور آن لائن درخواست کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو آر (QR) کوڈ اور آفیشل پورٹل بھی جاری کیا ہے تاکہ کمپنیاں مقررہ تاریخوں کے اندر تمام مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ اپنا اندراج مکمل کر سکیں








