انٹر میامی نئے ہیڈ کوچ کی تقرری میں جلد بازی نہیں کرے گا، ڈیوڈ بیکھم

امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکھم نے کہا ہے کہ ہاویر ماسچیرانو کی اچانک روانگی کے بعد کلب فی الحال نئے ہیڈ کوچ کی تقرری میں جلد بازی نہیں کرے گا اور صورتحال کو معمول پر آنے دیا جائے گا

میامی۔16اپریل (اے پی پی):امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکھم نے کہا ہے کہ ہاویر ماسچیرانو کی اچانک روانگی کے بعد کلب فی الحال نئے ہیڈ کوچ کی تقرری میں جلد بازی نہیں کرے گا اور صورتحال کو معمول پر آنے دیا جائے گا۔ یہ بیان انہوں نے ہیڈ کوچ ہاویر ماسچیرانو کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد دیا، ہاویر ماسچیرانو نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ای ایس پی این کے مطابق ہاویر ماسچیرانو نےیہ فیصلہ نیو یارک ریڈ بلز کے خلاف میچ 2-2 کی برابری کے بعد کیا۔ 41سالہ ماسچیرانو نے نومبر 2024 میں کلب کی باگ ڈور سنبھالی تھی اور ان کے دور میں ٹیم نے لیگز کپ کے فائنل اور کونکاکاف چیمپئنز کپ کے سیمی فائنل تک رسائی بھی حاصل کی تھی۔

ہاویر ماسچیرانو کی جگہ اسسٹنٹ عملے سے وابستہ گوئلرمو ہوس کو عبوری کوچ مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ ٹیم ہفتے کو کولوراڈو ریپڈز کے خلاف میچ کھیلے گی۔ ڈیوڈ بیکھم نے کہا کہ اس موقع پر کوچ کا جانا ایک مشکل صورتحال ہے تاہم فٹبال میں ایسے حالات پیش آتے رہتے ہیں اور کلب کو آگے بڑھنا ہوتا ہے۔ 41 سالہ ماسچرانو کو 26 نومبر 2024 کو کوچ مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے لیونل میسی کی قیادت میں ٹیم کو 2025 میں ایم ایل ایس کپ جتوایا، انٹر میامی نے گزشتہ سیزن میں لیگز کپ کے فائنل اور کونکاکاف چیمپئنز کپ کے سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل کی، ہاویر ماسچیرانو اس سے قبل ارجنٹائن کی جونیئر ٹیموں کی کوچنگ کر چکے ہیں جبکہ کلب انتظامیہ کے مطابق نئے کوچ کے تقرر تک عبوری انتظام جاری رکھا جائے گا۔