انڈر19مینز کرکٹ ورلڈ کپ ،سوریہ ونشی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا نمایاں کھلاڑی قرار

لاہور۔8فروری (اے پی پی):بھارت کے نو عمر کرکٹر ویبھو سوریہ ونشی کو آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ بھارتی ٹیم کے تین کھلاڑی اس 12 رکنی ٹیم میں شامل ہیں، جن میں سوریہ ونشی کے ساتھ کنیشک چوہان اور ہینل پٹیل بھی شامل ہیں۔ویبھو سوریہ ونشی نے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف صرف 80 …

لاہور۔8فروری (اے پی پی):بھارت کے نو عمر کرکٹر ویبھو سوریہ ونشی کو آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ بھارتی ٹیم کے تین کھلاڑی اس 12 رکنی ٹیم میں شامل ہیں، جن میں سوریہ ونشی کے ساتھ کنیشک چوہان اور ہینل پٹیل بھی شامل ہیں۔ویبھو سوریہ ونشی نے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف صرف 80 گیندوں پر 175 رنز کی اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کی اور انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

کنیشک چوہان نے پورے ایونٹ میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں مستقل کارکردگی دکھائی جبکہ ہینل پٹیل نے مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں،جن میں امریکا کے خلاف 16 رنز کے عوض پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی شامل ہے۔رنر اپ انگلینڈ کے بھی تین کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں۔ تھامس ریو کو ٹیم کا کپتان اور وکٹ کیپر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 330 رنز بنائے اور ان کی اوسط 66 رہی، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں ان کی سنچری فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

مینی لمزڈن ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 16 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بین میز 444 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بنے، جن میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف 191 رنز کی اننگز شامل ہے۔سری لنکا کے ویران چمودیتھا کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی، جنہوں نے جاپان کے خلاف 192 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی، جس میں 26 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ افغانستان کے دو کھلاڑی فیصل خان شینوزادہ اور نورستانی عمرزئی، اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے کے باعث منتخب ہوئے۔

فیصل خان نے آئرلینڈ اور بھارت کے خلاف لگاتار دو سنچریاں اسکور کیں، جبکہ نورستانی نے مجموعی طور پر 14 وکٹیں حاصل کیں، جن میں تنزانیہ کے خلاف 9 رنز دے کر پانچ وکٹیں نمایاں رہیں۔آسٹریلیا کے کپتان اولیور پیک نے بھی دو سنچریاں اسکور کیں جبکہ پاکستان کے علی رضا اور ویسٹ انڈیز کے وِٹل لاوز ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کو مکمل کرتے ہیں۔ علی رضا نے13 وکٹیں حاصل کیں اور ان کی اوسط 13.92 رہی جبکہ ویسٹ انڈیز کے بائیں ہاتھ کے اسپنر وِٹل لاوز نے پانچ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کے انتخاب کے لیے پینل میں ایان بشپ (کنوینئر)، لیڈیا گرین وے، اینڈی فلاور اور ٹیلفورڈ وائس شامل تھے۔