لاہور۔25فروری (اے پی پی):لاہور کے علاقے میں انڈسٹریل صارف بجلی چوری کرتے پکڑا گیا ۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجنیئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن کے پانچوں اضلاع میں انسداد بجلی چوری مہم تیز کردی گئی ہے ،اس سلسلے میں ایکسینئن شاہ پور کی زیر نگرانی ایس ڈی او چوہنگ احمد فراز نے علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا،اس دوران موہلنوال گائوں میں انڈسٹریل میٹر مشکوک پایا گیا، دوران چیکنگ معلوم ہوا کہ میٹر میں شینٹ لگا کر بجلی چوری کی جارہی ہے،
چوری کی بجلی سے دو آٹا چکیاں ، ایک شیلر اور ایک واٹر پمپ چلایا جارہا تھا اس کے علاوہ چوری کی بجلی ایک مکان کو بھی سپلائی کی جارہی تھی، لیسکو حکام نے میٹر اور تار قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے جبکہ ملزمان کو 4 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم شروع ہونے کے بعد بجلی کی چوری میں واضح کمی آئی ہے تاہم بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔