کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ انڈونیشیا کے سرمایہ کار وں کو ہر ممکن مدد، تعاون اور معاونت فراہم کریں گے۔جاری اعلامیہ کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس میں انڈونیشیا کے قائم مقام قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئےکیا۔اس موقع پر قائم مقام قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو انڈونیشیا کے 79 واں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت میں اضافہ اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ کے پرکشش شعبے، اعلیٰ تعلیم یافتہ، محنتی، تجربہ کار نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے اس ضمن میں انڈونیشیا سے تجارت میں اضافہ کے خواہشمند ہیں۔دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔ انڈونیشیا کے قائم مقام قونصل جنرل نے کہا کہ انڈونیشیا کے پاکستان سے مثالی تعلقات ہیں۔ پاکستان کو خوشحال اور معاشی مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس میں جاری آئی ٹی کورسز، راشن ڈرائیو، امید کی کرن اور متاثر کن اقدامات ہیں۔