انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے کوچ تھامس ٹوخل نے فیفا ورلڈ کپ میں فرانس کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 4-6 گول سے فتح حاصل کر کے 60 سالوں میں ورلڈ کپ کی بہترین پوزیشن (تیسری پوزیشن)حاصل کرنے پر اپنی ٹیم کے غیر معمولی عزم اور حوصلے کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے
انگلش کوچ تھامس ٹوخل کا فرانس کے خلاف تاریخی فتح پر کھلاڑیوں کےغیر معمولی جذبے کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
میامی۔19جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے کوچ تھامس ٹوخل نے فیفا ورلڈ کپ میں فرانس کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 4-6 گول سے فتح حاصل کر کے 60 سالوں میں ورلڈ کپ کی بہترین پوزیشن (تیسری پوزیشن)حاصل کرنے پر اپنی ٹیم کے غیر معمولی عزم اور حوصلے کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔ شنہوا کے مطابق اس تاریخی میچ میں انگلینڈ نے پہلے ہاف میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 0-4 کی مضبوط برتری حاصل کرلی ،بوکایو ساکا نے شاندار ہیٹ ٹرک سکور کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ فرانس کے دوسرے ہاف میں زبردست کم بیک کے باوجود میچ اپنے نام کرنے میں ناکام رہا ۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے تھامس ٹوخل نے کہا کہ میں آج کے کھیل اور کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی کی جتنی بھی تعریف کروں وہ کم ہے، ہمارے پاس تیاری کے لیے حریف ٹیم سے ایک دن کم تھا، ہمارے کھلاڑیوں پر سفر کی تھکن اور شدید گرمی کا اثر تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے بار بار واپسی کا راستہ تلاش کیا اور دباؤ کا مردانہ وار مقابلہ کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ کسی بھی چیلنج کے لیے تیار ہیں۔جرمن کوچ نے ہیٹ ٹرک سکور کرنے والے بوکایو ساکا کی خاص طور پر تعریف کرتے ہوئے انہیں ٹیم کا اہم ستون قرار دیا۔ سیمی فائنل میں ارجنٹائن کے خلاف شکست کے بعد عوامی تنقید کا سامنا کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹوخل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے ہم گروپ سٹیج سے ہی باہر ہو گئے ہوں لیکن محض 24 گھنٹوں کے بعد ہم نے گزشتہ 60 سالوں کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کر لی ۔ انہوں نے کہا کہ میں ارجنٹائن کے خلاف میچ میں غلط ثابت ہونے والے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں لیکن میرا پختہ یقین ہے کہ ہم نے اس ورلڈ کپ میں جو کچھ بنایا ہے وہ صرف 30 منٹ کے خراب کھیل سے ختم نہیں ہو سکتا۔ تھامس ٹوخل نے تسلیم کیا کہ فائنل میں نہ پہنچ پانے کا زخم اور درد ابھی کچھ وقت رہے گا کیونکہ یہ اعلیٰ سطح کا کھیل ہے لیکن ورلڈ کپ کا یہ برونز میڈل بہت بڑا اعزاز ہے جس کی بدولت ٹیم کو آگے بڑھنے اور مزید کامیابیاں حاصل کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔








