انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ جمعے سے شروع ہوگا

136
England and Sri Lanka
England and Sri Lanka

لندن۔5ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) جمعے سے 10 ستمبر تک کیننگٹن اوول، لندن میں کھیلا جائے گا۔میزبان انگلینڈ کی ٹیم کو آئی لینڈرز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں 190 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ سری لنکن ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورہ پر ہیں اور وہ اپنے دورہ انگلینڈ کے دوران میزبان برطانوی کرکٹ ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے دو میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو بین سٹوکس کی غیر موجودگی میں مایہ ناز بلے باز اولی پوپ لیڈ کررہے ہیں جبکہ آئی لینڈرز مایہ ناز آل رائونڈر دھننجایا ڈی سلوا کی زیر قیادت میدان میں اتریں گے۔ اس سے قبل انگلینڈ لائنز اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے چارروزہ پریکٹس میچ میں انگلینڈ لائنز نے سری لنکن ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعے سے 10 ستمبر تک کیننگٹن اوول، لندن میں کھیلا جائے گا۔