انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں منگل کوآمنے سامنے ہوں گی،

برسٹل۔ 13 مئی (اے پی پی) انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ منگل کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے پر جوش ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، دوسرے ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا، پاکستانی ٹیم نے 373 رنز کا ہدف حاصل کرنے کیلئے آخر دم تک بھرپور فائٹ کی لیکن بدقسمتی سے اسے 12 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسرے میچ میں شاندار فائٹ کرنے کے بعد پاکستانی کھلاڑی تیسرا میچ جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے پر جوش دکھائی دے رہے ہیں تاہم دوسری جانب میزبان ٹیم بھی سیریز میں برتری دوگنی کرنے کی خواہاں ہے اسلئے دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ون ڈے میچ 17 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلا جائے گا۔