انگلینڈ میں آئندہ سال شروع ہونے والے خواتین کے سائیکلنگ مقابلے ٹور ڈی فرانس فیمز2027 کے پہلے تین مراحل کے روٹس کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں جنہیں کھلاڑیوں نے انتہائی کٹھن اور مشکل قرار دیا ہے۔
انگلینڈ میں ٹور ڈی فرانس فیمز 2027کے تین مراحل کے روٹس کا اعلان

مزید خبریں
لندن۔21اپریل (اے پی پی):انگلینڈ میں آئندہ سال شروع ہونے والے خواتین کے سائیکلنگ مقابلے ٹور ڈی فرانس فیمز2027 کے پہلے تین مراحل کے روٹس کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں جنہیں کھلاڑیوں نے انتہائی کٹھن اور مشکل قرار دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ایونٹ کا آغاز لیڈز سے ہو گا جہاں پہلے مرحلے میں کھلاڑی 85.7 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے مانچسٹر پہنچیں گی جہاں ایک سنسنی خیز سپرنٹ فنش متوقع ہے تاہم دوسرا مرحلہ سب سے زیادہ مشکل تصور کیا جا رہا ہے جو مانچسٹر سے شیفیلڈ تک 154 کلومیٹر پر محیط ہو گا، اس مرحلے میں کھلاڑیوں کو 3000 میٹر کی چڑھائی چڑھنا ہو گی جس میں پیک ڈسٹرکٹ کا مشہور زمانہ ونٹس پاس بھی شامل ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ ٹور ڈی فرانس کی تاریخ کے مشکل ترین ابتدائی مراحل میں سے ایک ہو گا۔ تیسرے مرحلے میں پہلی بار خواتین کے اس ایونٹ کے لیے لندن میں تقریباً 18 کلومیٹر طویل ٹیم ٹائم ٹرائل کا انعقاد کیا جائے گا جس کا اختتام دی مال پر ہو گا۔ برطانوی سائیکلسٹ کیٹ فرگوسن نے ان روٹس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن میں انہی سڑکوں پر ٹریننگ کرتی رہی ہیں اور یہاں مقابلہ کرنا ان کے لیے خواب جیسا ہے۔
واضح رہے کہ 2027 میں پہلی بار مردوں اور خواتین کے ٹور ڈی فرانس کا آغاز (گرینڈ ڈیپارٹ) فرانس سے باہر کسی ایک ہی ملک یعنی برطانیہ سے ہو گا جس کے بارے میں برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ برطانیہ میں منعقد ہونے والا سب سے زیادہ قابلِ رسائی سپورٹس ایونٹ ہو گا جس تک برطانیہ کی 60 فیصد آبادی کو رسائی حاصل ہو گی۔ اس سے قبل 2014 میں جب مردوں کا ٹور ڈی فرانس برطانیہ سے شروع ہوا تھا تو 48 لاکھ سے زائد شائقین نے سڑکوں کے کنارے کھڑے ہو کر ریس دیکھی تھی۔








