انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

انگلینڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقاکو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):انگلینڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقاکو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔آئی سی سی میڈیا ریلیز کے مطابق چوٹ کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والی نیٹ سیور برنٹ نے شاندار 75 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ہیتھر نائٹ نے بھی 58 رنز بنا کر ٹیم کو ابتدائی مشکلات سے نکالا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 133 رنز کی شراکت قائم کی، جو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی سیمی فائنل تاریخ کی سب سے بڑی شراکت داری ہے۔جنوبی افریقانے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور پاور پلے میں 3 وکٹیں صرف 23 رنز پر گر گئیں۔ ایمی جونز 2، ڈینی وائٹ ہوج 12 اور ایلس کیپسی ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ اس موقع پر نیٹ سیور برنٹ اور ہیذر نائٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا اور پھر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سکور 169 رنز تک پہنچا دیا۔ جنوبی افریقاکی جانب سے نونکولولیکو ملابا نے 2 جبکہ شابنم اسماعیل نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقاکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان لارا وولوارڈٹ 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں جبکہ تیز رفتار بیٹر تزمن برٹس نے 51 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین اور لارین بیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لنسی سمتھ، فریا کیمپ اور سوفی ایکلسٹون نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ فیلڈنگ میں بھی انگلینڈ نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور ڈینی وائٹ ہوج کے شاندار ڈائریکٹ تھرو نے سِنالو جافتا کو رن آئوٹ کر دیا۔اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے جنوبی افریقاکے خلاف گزشتہ ورلڈ کپ سیمی فائنلز کی شکستوں کا بدلہ بھی چکا دیا۔ اب انگلش ٹیم اتوار کو لارڈز میں آسٹریلیا کے خلاف ٹائٹل کے لیے میدان میں اترے گی۔