برطانوی ٹینس کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں سے ایک اور سابق عالمی نمبر ون جیمی مرے نے اپنے بھائی اینڈی مرے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے
انگلینڈ کے ٹینس سٹار جیمی مرے کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

مزید خبریں
لندن۔16اپریل (اے پی پی):برطانوی ٹینس کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں سے ایک اور سابق عالمی نمبر ون جیمی مرے نے اپنے بھائی اینڈی مرے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے ساتھ ہی برطانوی ٹینس کا ایک عظیم عہد اپنے اختتام کو پہنچا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق 40 سالہ جیمی مرے نے اپنے 20 سالہ طویل کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 34 ڈبلز ٹائٹلز جیتے جن میں 7 گرینڈ سلام اعزازات بھی شامل ہیں اور وہ پہلے برطانوی کھلاڑی تھے جنہوں نے عالمی ڈبلز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز پایا۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے 36 سالہ ٹینس سفر کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے والدین اور بھائی سمیت تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس کھیل سے ملنے والے تجربات پر خود کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں۔
جیمی مرے کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے برطانوی ڈیوس کپ کپتان لیون سمتھ نے انہیں ایک ناقابل یقین کھلاڑی قرار دیا جنہوں نے 2015 میں 79 سال بعد برطانیہ کو ڈیوس کپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ یاد رہے کہ 2016 میں مرے برادران نے ایک منفرد عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا جب جیمی ڈبلز اور اینڈی سنگلز رینکنگ میں بیک وقت دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی بنے تھے۔ جیمی مرے نے اپنے کیریئر میں 1019 اے ٹی پی میچز کھیلے جن میں سے 589 میں کامیابی حاصل کی اور ان کی رخصتی سے برطانوی ٹینس اب ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔یاد رہے کہ اینڈی مرے بھی اس سے قبل ٹینس کو خیرباد کہہ چکے ہیں جس کے بعد مرے برادران کے شاندار دور کا باضابطہ اختتام ہو گیا ہے۔








