اولمپک چیمپئن برطانوی ایتھلیٹ کیلی ہوڈکنسن نے انکشاف کیا ہے کہ ایم آر آئی سکین میں ان کے ہیمسٹرنگ میں ایک غیر معمولی ساخت سامنے آئی ہے، جس کے باعث ان کے ایک کے بجائے 2 ٹینڈنز ہیں۔
اولمپک چیمپئن کیلی ہوڈکنسن کے ہیمسٹرنگ میں غیر معمولی ساخت کا انکشاف

مزید خبریں
لندن۔18ستمبر (اے پی پی):اولمپک چیمپئن برطانوی ایتھلیٹ کیلی ہوڈکنسن نے انکشاف کیا ہے کہ ایم آر آئی سکین میں ان کے ہیمسٹرنگ میں ایک غیر معمولی ساخت سامنے آئی ہے، جس کے باعث ان کے ایک کے بجائے 2 ٹینڈنز ہیں۔
بی بی سی کے مطابق 24 سالہ ایتھلیٹ نے بتایا کہ گزشتہ سال ہیمسٹرنگ میں ممکنہ چوٹ کے بعد کیے گئے سکین سے معلوم ہوا کہ ان کا ہیمسٹرنگ درمیان سے تقسیم ہے، جس کی وجہ سے ایک ٹینڈن زخمی ہونے کے باوجود دوسرا ٹینڈن کام کرتا رہتا ہے، تاہم یہ ساخت انہیں چوٹ کا زیادہ شکار بھی بنا سکتی ہے۔ ہوڈکنسن کے مطابق وہ اب بھی اس جسمانی ساخت کو سنبھالنے کا طریقہ سیکھ رہی ہیں اور گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران انہوں نے کوئی تربیتی سیشن نہیں چھوڑا، تاہم تیز رفتار دوڑ کی مشق کم کردی ہے کیونکہ اسی مرحلے پر دوبارہ چوٹ لگنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
پیرس اولمپکس 2024 میں 800 میٹر کی طلائی تمغہ جیتنے والی ہوڈکنسن گزشتہ 2 سیزن سے مسلسل انجریز کا شکار رہی ہیں۔ فروری 2025 میں ہیمسٹرنگ انجری کے بعد انہیں ایک سال سے زیادہ عرصے تک مقابلوں سے دور رہنا پڑا، تاہم اگست 2025 میں واپسی پر انہوں نے مسلسل 2 ڈائمنڈ لیگ مقابلے جیتے اور فروری 2026 میں 800 میٹر انڈور کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد ایک ماہ بعد ورلڈ انڈور چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ تاہم بیرونی مقابلوں میں وہ اس فارم کو برقرار نہ رکھ سکیں اور سوئٹزرلینڈ کی آڈرے ویرو سے 3 مرتبہ شکست کھائی، جن میں یورپی اعزاز سے محرومی بھی شامل ہے۔
ہوڈکنسن نے بتایا کہ یورپی چیمپئن شپ سے قبل وارم اپ کے دوران نہر کے کنارے جاگنگ کرتے ہوئے گرنے سے انہیں دونوں گھٹنوں پر زخم آئے اور کمر پر شدید جھٹکا لگا، جس کے اثرات نے گزشتہ چند ماہ کو ان کے لیے مشکل بنا دیا۔ ان کے مطابق ممکن ہے کہ اس حادثے نے ہیمسٹرنگ انجری میں بھی کردار ادا کیا ہو، تاہم وہ اسے اپنی شکست کا جواز نہیں بنانا چاہتیں۔ ہوڈکنسن نے 2026 کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر رہنے پر وہ خود کو زیادہ سخت تنقید کا نشانہ نہیں بنا سکتیں۔ وہ لندن میں خواتین کے لیے منعقد ہونے والے ایتھلوس مقابلے میں 2026 سیزن کا اختتام کریں گی۔







