اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) اور آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (اوسی اے سی ) کے تعاون سے ایک موبائل ایپلیکیشن ‘راہ گزر’ کا آغاز کیا ہے۔ترجمان اوگرا کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ایپلیکیشن جیو گرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس ) ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کو ملک بھر میں قانونی پٹرول پمپس اور آئوٹ لیٹس کی نشاندہی کرنے کے قابل بناتی ہے جو پاکستان کی آئل سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن میں ایک نمایاں اقدام ہے۔
افتتاحی تقریب اوگرا کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد کی گئی جس میں وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن )، ایف بی آر، کسٹمز، محکمہ ایکسپلوزو، اوسی اے سی اور آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان (اوایم اے پی) کے نمائندگان سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔راہ گزر اپلیکیشن صارفین، ضلعی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے انتہائی آسان اور قابل رسائی پلیٹ فارم ہے جس سے غیر قانونی آئوٹ لیٹس یا ‘ڈبہ سٹیشنز’ کی شناخت کو فوری طور پر ممکن بنایا جا سکے گا ۔
مزید برآں صارفین ایپ کے ذریعے غیر قانونی آئوٹ لیٹس ، زائد قیمتوں، یا غیر معیاری پٹرول یا ڈیزل سے متعلق شکایات درج کرواسکتے ہیں۔ یہ ایپ شفافیت کو فروغ دیتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کو با اختیار بناتی ہے۔ تقریب کی صدارت چیئر مین اوگرا مسرور خان نے کی جن کے ہمراہ ممبر آئل اینڈ فنانس بھی موجود تھے ۔ اپنے خطاب میں مسرور خان نے اس اہم اقدام کی انقلابی صلاحیتیوں پر زور دیا۔ چیئر مین اوگرا کا کہنا تھا کہ یہ سفر اگست 2024 میں آئل سپلائی چین کی کو ڈیجیٹلائزیشن کے تقاضوں کے پیش نظر اوگرا اور ایف بی آر کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں شروع کیا گیا۔ راہ گزر کا آغاز ایک وسیع و عریض ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا پہلا مرحلہ ہے جو شفافیت کو فروغ دینے ، معاشی نقصانات کو روکنے، غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنے اور آئل انڈسٹری کی سالمیت کو بڑھانے میں اہم سنگ میل ہے۔
مسرور خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام غیر قانونی پٹرول پمپس کی نشاندہی اور متعلقہ بدعنوانیوں کے چیلنجز سے نمٹنے میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا جو پاکستان میں آئل سیکٹر کی ترقی اور استحکام میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ راہ گزر اپلیکیشن کا آغاز اوگرا کے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور شفاف و قابل احتساب توانائی نظام کے فروغ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ترجمان اوگرا نے کہا کہ مزید تفصیلات یا راہ گزرایپ ڈائون لوڈ کرنے کے لیے اوگرا کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں یا اوگرا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔