اوگرا کی جانب سے میڈیا رپورٹس اور عوامی شکایات پر مقررہ قیمت سے زائد وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے ایل پی جی کمپنیوں کو باضابطہ نوٹسز جاری

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے میڈیا رپورٹس اور عوامی شکایات پر مقررہ قیمت سے زائد وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے ایل پی جی کمپنیوں کو باضابطہ نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔منگل کو اوگرا کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق اوگرا نے نومبر کے لیے ایل پی جی 11.8 کلو گرام سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 378 روپے (201 روپے فی کلو گرام) مقرر …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے میڈیا رپورٹس اور عوامی شکایات پر مقررہ قیمت سے زائد وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے ایل پی جی کمپنیوں کو باضابطہ نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔منگل کو اوگرا کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق اوگرا نے نومبر کے لیے ایل پی جی 11.8 کلو گرام سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 378 روپے (201 روپے فی کلو گرام) مقرر کی ہے جبکہ ایل پی جی کمپنیاں فی سلنڈر 2800 سے 3 ہزارروپے ایکس پلانٹ ریٹ وصول کر رہی ہیں جس سے صارفین میں شدید بے چینی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔

اتھارٹی نے کمپنیز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پلانٹ اور ڈسٹری بیوٹرز کے تمام مقامات پر اوگرا کے نوٹیفائیڈ نرخوں کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں، تمام سیلز انوائسز پر سلنڈر سیلنگ ریٹس واضح اور نمایاں طور پر درج کیے جائیں اور ڈسپیچ کے وقت گیٹ پاسز باقاعدگی سے جاری کیے جائیں۔ مزید برآں پلانٹ کے احاطے میں ایل پی جی سیلنگ ریٹس کو نمایاں انداز میں آویزاں کرنا بھی کمپنی کی ذمہ داری ہے۔

اوگرا نے تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ ایل پی جی پلانٹس پر مشترکہ انسپیکشنز، ریٹ چیکنگ اور نفاذی کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ قیمتوں کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے،لائسنس کی معطلی سمیت سخت قانونی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں بھی جاری ہیں۔