جنگلی جانوروں کے غیرقانونی شکار کیخلاف آپریشن ،8شکاری گرفتار

سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات کا صوبہ میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی شکار ،کاروبار اور اسمگلنگ کیخلاف آپریشن جاری ہے

لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات کا صوبہ میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی شکار ،کاروبار اور اسمگلنگ کیخلاف آپریشن جاری ہے،جس کے نتیجے میں لاہور سمیت مختلف ریجنز میں جاری کارروائیوں کے دوران 8غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے ان سے بٹیر کے 11نیٹنگ گیئرز ضبط کئے گئے ،7شکاریوں کو مبلغ 3لاکھ 60ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیں جرمانہ کیا گیا جبکہ ایک شکاری کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز لاہور ریجن نے تحصیل پتوکی اور چونیاں میں مختلف کارروائیوں کے دوران بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث 2ملزمان کاچالان کرکے انہیں مبلغ 45ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ بٹیر کے 2نیٹنگ گیئرز ضبط کر لیے،اسی طرح کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیرقانونی شکار میں ملوث ایک شکاری کو گرفتار کرکے اسے مبلغ 25 ہزار روپے جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر سرگودھا مقدس گلزار نے بٹیر کی نیٹنگ کرنیوالے ایک غیرقانونی شکاری کا چالان کرکے اسے 20ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجربہاولنگر عروج ظہیر نے بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث 3شکاریوں کو گرفتار کرکے 2کو کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر مبلغ ایک لاکھ 40 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد جرمانہ کیا جبکہ ایک شکاری کیخلاف وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی شروع کردی اور7نیٹنگ گیئرز ضبط کرلیے،نیز گزشتہ روز بازیاب کروائے گئے تمام طوطے عدالتی حکم پر قدرتی ماحول میں آزاد کر دیئے گئے۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ملتان محمد ندیم نے مرغابی کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتار کرکے مبلغ ایک لاکھ 30ہزار جرمانہ کیا جبکہ وہاڑی سے بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئرضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی۔