سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس چیئرپرسن فریال تالپور کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے میں منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں، ایریا وائز ایکشن پلان پر عملدرآمد،تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کی روک تھام اور امن و امان سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس، صوبے میں منشیات فروشی کی روک تھام اور امن و امان سے متعلق اقدامات کاجائزہ

مزید خبریں
کراچی۔ 10 ستمبر (اے پی پی):سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس چیئرپرسن فریال تالپور کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے میں منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں، ایریا وائز ایکشن پلان پر عملدرآمد،تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کی روک تھام اور امن و امان سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں منشیات کے خلاف علاقائی سطح پر مرتب کیے گئے ایکشن پلان کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی،جبکہ تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات کی فروخت کے خلاف اب تک کی جانے والی کارروائیوں سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں سنتھیٹک ڈرگز، کوکین اور آن لائن منشیات کی ترسیل کے نیٹ ورک کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان مزید مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ فریال تالپور نے کہا کہ منشیات کیخلاف کارروائیوں کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی ضروری ہے۔ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی فروخت اور استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔فریال تالپور نے ہدایت کی کہ سنتھیٹک ڈرگز، کوکین اور آن لائن منشیات کی ترسیل کے خلاف موثر کارروائی یقینی بنائی جائے،جبکہ منشیات کے خلاف ایریا وائز ایکشن پلان پر عملدرآمد اور اس کے نتائج کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔انہوں نے بارڈر ایریاز کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرپرسن کمیٹی نے سندھ پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات کے خلاف کارروائیوں کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام سے اب تک درج کیے گئے مقدمات، گرفتار ملزمان، منشیات کیسز میں سزا کی شرح اور محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کی کارکردگی کی تفصیلات بھی طلب کیں۔
اس ضمن میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ نارکوٹس کے خلاف جلد ہی نئی افرادی قوت کی بھرتی زیر غور ہے جبکہ محکمانہ سطح پر منشیات کے خلاف بھرپور کاروائیاں بھی جاری ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے اجلاس میں کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے موثر کریک ڈائون یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے منشیات کے خلاف کارروائیوں کی پیشرفت اور نتائج سے قائمہ کمیٹی کو مکمل طور پر آگاہ کریں۔کراچی سمیت سندھ کے تمام ڈویژنز میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ منشیات کے نئے قانون کے تحت نئی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے میکنزم بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ نئی عدالتوں کے قیام کا مقصد منشیات سے متعلق مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانا اور قانون کے مطابق ملزمان کو سزائیں دلوانا ہے۔
اجلاس میں ٹاسک فورس کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 105 کلوگرام چرس اور کم و بیش 7 ٹن گٹکا ماوا ضبط کرکے نذرِ آتش کیا گیا ہے،جبکہ 40 کلوگرام آئس بھی پولیس نے قبضے میں لی ہے۔ڈی آئی جی عرفان بلوچ کے مطابق منشیات کے خلاف اب تک 57 آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 132 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ تعلیمی اداروں کے اطراف کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 78 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 41 ملزمان جیلوں میں اپنی سزائوں کا سامنا کر رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ اسکولوں کے اطراف سندھ پولیس کے ساتھ مل کر محکمہ تعلیم منشیات کے خلاف کاروائیاں کر رہا ہے۔ بعد ازاں اینٹی نارکوٹکس فورس کے بریگیڈیئر عمر نے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اے این ایف حکام نے بتایا کہ سندھ پولیس کے اشتراک سے صوبے میں منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے اور مختلف علاقوں میں منشیات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جا رہی ہیں۔اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی,صائمہ آغا،سہیل انور سیال،خرم کریم سومرو،محمد قاسم،محمد فاروق،سجاد علی،عبدالوسیم،شارق جمال،سید سردار علی شاہ،مکیش کمار چاولہ،میر طارق علی تالپورکے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری،محکمہ داخلہ سیکرٹری، محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس،سیکرٹری قانون،سیکرٹری،اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی،سیکرٹری، سماجی بہبود،سیکرٹری کالج ایجوکیشن،سیکرٹری،جامعات و بورڈز،پراسیکیوٹر جنرل سندھ،ایڈیشنل آئی جیز کراچی،سی ٹی ڈی،اسپیشل برانچ،ڈی آئی جیز،ہیڈ کوارٹرز،سی آئی اے،
اسپیشل برانچ،کرائم برانچ کراچی،ڈی آئی جیز،سائوتھ،ایسٹ،ویسٹ کے ہمراہ متعلقہ ایس ایس پیز،ڈی آئی جیز، شہید بینظیر آباد،میرپور خاص،سکھر،لاڑکانہ،حیدرآباد نے متعلقہ ایس ایس پیز نے بذریعہ زوم لنک جبکہ چیف،سی پی ایل سی سندھ،ڈائریکٹر جنرل، اینٹی نارکوٹکس فورس،ڈائریکٹر جنرل، نارکوٹکس، ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ,ایس ایس پی،اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے شرکت کی۔







