او جی ڈی سی ایل اور انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کا گیس ذخیرہ کرنے کے لیے سٹریٹجک انڈر گرائونڈ گیس سٹوریج پراجیکٹ کے لیے اشتراک، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

131
OGDCL
OGDCL

اسلام آباد۔29فروری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (آئی ایس جی ایس) نے گیس ذخیرہ کرنے کے لیے سٹریٹجک انڈر گرائونڈ گیس سٹوریج (ایس یو جی ایس) پراجیکٹ کے لیے اشتراک کیا ہے، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ او جی سی ایل سے جاری اعلامیہ کے مطابق معاہدہ کے مطابق دونوں کمپنیاں گیس کے وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے او جی ڈی سی ایل کی فیلڈز میں سٹریٹجک انڈر گرائونڈ گیس سٹوریج تیار کرنے کے ممکنہ مواقع کا جائزہ لیں گی ۔

واضح رہے سٹریٹجک انڈر گرائونڈ گیس سٹوریج پر اجیکٹ ایک اہم اقدام ہے جسے اضافی گیس کے ذخیرہ کرنے کی سہولیات کے قیام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، خاص طور پر آف پیک سیزن کے دوران جب پاکستانی مارکیٹ میں سپلائی کے مقابلے میں طلب کم ہوتی ہے۔ سٹریٹجک انڈر گرائونڈ گیس سٹوریج پروجیکٹ کے ذریعے او جی ڈی سی ایل اور آئی ایس جی ایس کا مقصد سٹوریج کی گنجائش پیدا کرکے اور صنعت میں دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجارتی بنیادوں پر گیس کی فراہمی کے انتظامات کو آسان بنا کر ان مشکلات کو کم کرنا ہے۔

تکنیکی اور تجارتی فزیبلٹی کے تحت اس منصوبے میں پانی نکالنے کے کنوئوں، کمپریسرز اور پائپ لائنوں کو جوڑنے اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات شامل ہے جو کہ 15 بلین کیوبک فٹ (بی سی ایف) گیس کو ایڈجسٹ کرنے اور پانچ کارگو کے برابر ہے جودو ماہ کی مدت کے لیے کافی ہے۔