اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اُڑان پاکستان پروگرام ایک ویژنری منصوبہ ہے جو ڈیجیٹل پاکستان، انسانی وسائل کی ترقی اور معاشی استحکام کو فروغ دے گا،وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں، ہم پاکستان کو جدید اور خودانحصار معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
منگل کو وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اُڑان پاکستان کے تسلسل کے ساتھ، وہ وزیرِاعظم کی رہنمائی میں پانچ ترقیاتی راہداریوں کے روڈ میپ کو کامیابی سے مکمل کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اقتدار میں آئے ایک سال مکمل ہو چکا ہے۔ مشکل حالات میں اقتدار سنبھالنے کے باوجود، حکومت نے معاشی چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور بروقت اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وژن 2010 اور وژن 2025 پاکستان کی طویل المدتی ترقیاتی حکمتِ عملی کے دو بڑے منصوبے تھے، جو ملک کو اقتصادی اور سماجی ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ترتیب دیے گئے تھے۔ تاہم، مختلف وجوہات کی بنا پر ان پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک (CPEC) جیسے بڑے منصوبے شروع کیے گئے، لیکن 2018 میں حکومت کی تبدیلی کے بعد اس پر عملدرآمد سست روی کا شکار ہو گیا،سیاسی عدم استحکام ،حکومتوں کی تبدیلی سے منصوبوں میں تسلسل نہ رہا۔ فنڈز کی کمی اور مالی بحران نے منصوبوں پر اثر ڈالا۔ اگر حکومتیں تسلسل کے ساتھ ان پر عمل کرتی رہتیں، تو پاکستان آج کہیں بہتر پوزیشن میں ہوتا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568820