کراچی۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے،آج کا دن دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کشمیر پر بھارتی تسلط و جارحیت کے 77 برس کے مظالم کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے غاصبانہ تسلط کرکےکشمیر ی عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے جس کے خلاف ہر مہذب معاشرہ کو آواز بلند کرنی چاہیے ،کشمیر ایک حسین و خوبصورت وادی ہے،
تاہم بھارت نے اسے خون آلود کردیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت نے سازش کے ذریعے کشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ جمایا اور مسلمانوں کا قتل عام کیا،کشمیر پر بھارتی فوج کشی کو 77 سال بیت چکے مگر کشمیری عوام پر مظالم اب بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہذب اقوام کو کشمیر کے مسئلے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر ہونا ہی کشمیری عوام کے مسائل کا حل ہے،
بھارتی جارحیت نے بہت سے بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا ہے،بھارتی جبر کے خلاف اقوام عالم کو بھارت پر دبائو ڈالنا ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت خود کو سیکولر اسٹیٹ قرار دیتا ہے مگر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کو تسلیم کرنے سے کتراتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے قانونی حق کے حصول کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔