کینبرا۔29نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پارلیمنٹ کی جانب سے 16 سال سے کم عمر بچوں کے پلیٹ فارم استعمال کرنے پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کریں ، خلاف ورزی کرنے والوں کو 32.5 ملین ڈالر جرمانہ کیا جائے گا ۔
شنہوا کے مطابق انتھونی البانیز نے کہا کہ پلیٹ فارمز کی سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ ہمارے بچوں کی حفاظت ان کے لیے ترجیح ہے،جمعرات کی رات دیر گئے سینیٹ نے حکومت کی جانب سے 16 سال سے کم عمر بچوں کے پلیٹ فارم استعمال کرنے پر پابندی کی قانون سازی کے حق میں ووٹ دیا۔جمعے کی صبح اجلاس میں دوسری بار پارلیمنٹ کے ایوان زیریں( ایوان نمائندگان )سے قانون سازی منظور ہوئی جس سے 12 ماہ میں قوانین کے نفاذ کی راہ ہموار ہوگئی ہے ،تاہم حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ نئے قوانین کو کس طرح نافذ کیا جائے گا۔
قانون سازی کے تحت سوشل میڈیا کمپنیاں جو 16 سال سے کم عمر بچوں کو اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے سے روکنے کے لیے معقول اقدامات کرنے میں ناکام رہتی ہیں، انہیں 32.5 ملین ڈالرتک کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔انتھونی البانیز نے کہا کہ ہم یہ بحث نہیں کرتے کہ اس کا نفاذ کامل ہو گا، بالکل اسی طرح جیسے 18 سال سے کم عمر کے لیے شراب پر پابندی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ 18 سال سے کم عمر کے کسی کو کبھی رسائی حاصل نہیں لیکن ہم جانتے ہیں کہ یہ کرنا صحیح ہے۔