محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے میں ایک بڑی اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر کے صوبے کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔
اٹک ،سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 5 خطرناک دہشت گرد ہلاک، خودکش جیکٹ اور بارودی مواد برآمد
اٹک۔ 16 جون (اے پی پی):محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے میں ایک بڑی اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر کے صوبے کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ آپریشن مکمل انٹیلی جنس رپورٹ اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم جیسے ہی ہدف کی جانب بڑھی، تو وہاں روپوش دہشت گردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے کی جانے والی بھرپور جوابی کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے پانچوں دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک تیار خودکش جیکٹ، دستی بم، خودکار اسلحہ (ایس ایم جیز)، سینکڑوں گولیاں اور بھاری مقدار میں جدید بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ نیٹ ورک پنجاب کے مختلف حساس اضلاع اور اہم تنصیبات پر بڑے پیمانے پر دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکا تھا، جسے سی ٹی ڈی کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ناکام بنا دیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ان کی حتمی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں روپوش ان کے دیگر سہولت کاروں اور فرار ہونے والے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سکیورٹی فورسز کا مشترکہ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ممکنہ تباہی کا راستہ روکنے پر سی ٹی ڈی پنجاب کے جوانوں کی اس بہادرانہ کارروائی کو انتہائی سراہا جا رہا ہے









