اٹک۔ 15 جنوری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پرپولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرکےضلع بھر سے 13 ملزمان گرفتار کر کے 12 کلو چرس، 620 گرام ہیروئن ، 180 گرام آئس،12.5 لیٹر شراب اور اسلحہ ناجائز 2 پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کر لیا ہے،
تھانہ حضرو پولیس نے منشیات سمگلر مشتاق احمد عرف کالا لنگڑا سے 2100 گرام چرس، 210 گرام ہیرؤن اور 80 گرام آئس برآمد کر لی، ایک اور کارروائی میں منشیات فروش محمد بختیار کی تلاشی لینے پر 2080 گرام چرس اور 210 گرام ہیرؤن برآمد کرکے گرفتار کر لیا ،مزید کارروائی میں منشیات کے سوداگر لیاقت حسین اور محمد نعمان کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا ،ملزم لیاقت حسین سے 200 گرام ہیروئن اور 40 گرام آئس جبکہ ملزم محمد نعمان سے 60 گرام آئس برآمد ہوئی۔
اسی طرح تھانہ اٹک خورد پولیس کی ٹیم نے پکٹ سرچ پارک اٹک خورد کے مقام پر کے پی کے سے آتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کو مشکوک جان کر روکا جس نے بعد از دریافت اپنا نام فواد خان بتلایا جسکی حسب ضابطہ تلاشی لینے پر 2800 گرام چرس برآمد کر کے پاپند سلاسل کر دیا، تھانہ سٹی اٹک پولیس بسلسلہ انسداد منشیات گشت پر موجود مشکوک شخص وقاص افضل شہر سے دوران چیکنگ 1280 گرام چرس برآمد کر لی، اسی طرح تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے دوران گشت بدنام زمانہ منشیات فروش نقاش خان کے قبضہ سے 1100 گرام چرس برآمد کر لی، ایک اور کارروائی میں تھانہ بسال پولیس نے منشیات کے سوداگر ارشد محمود کو منشیات سمگلنگ کرتے ہوئے پکڑ لیا ،ملزم ارشد محمود کے قبضہ سے 1500 گرام چرس برآمد ہوئی،
تھانہ انجراء پولیس نے منشیات سمگلر فیضان خان کی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ،ملزم فیضان خان کے قبضہ سے 1550 گرام چرس برآمد ہوئی، شراب فروشوں کےخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تھانہ نیوائیرپورٹ پولیس کی ٹیم نے شراب فروش خالد خان کی پڑتال کرنے پر 10 لیٹر شراب برآمد کر لی جبکہ تھانہ پنڈیگھیب پولیس نے اسد خان کی تلاشی لینے پر 2.5 لیٹر شراب برآمد کر لی۔
اسلحہ ناجائز کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تھانہ انجراء پولیس نے ملزم خالد محمود اور محمد عدنان سے ایک ایک پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر کے ہر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے آہنی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اس موقع پر ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ سماج دشمن عناصر معاشرے کے ناسور ہیں جن کے خلاف اٹک پولیس اپنی کارروائیاں جاری رکھ کر سرزمین اٹک کو ایسے عناصر سے پاک کر کے دم لیں گے۔\