اپوزیشن این آر او لینے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے،حکومت انہیں کسی قسم کا ریلیف نہیں دے گی، وزیراعظم کے معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار

وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے قائدین کی بدعنوانیوں کو تحفظ دینے کیلئے حکومت سے این آر او لینا چاہتی ہیں، اس مقصد کے حصول کیلئے یہ لوگ مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں لیکن اس حوالے سے یہ لوگ حکومت سے کسی بھی قسم کی ریلیف لینے میں کامیاب نہیں ہوں گے، اپوزیشن کا منتخب حکومت سے استعفے مانگنا حیران کن مطالبہ ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کے پھیلائو کے دوران اپوزیشن جماعتیں جلسوں کا انعقاد کر کے جان بوجھ کر عوام کی صحت اور زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نواز شریف منافقت کی سیاست کر رہے ہیں کیونکہ وہ خود جھوٹ بول کر بیرون ملک بھاگ گئے اور لندن میں بیٹھ کر اپنی زندگی سے لطف اندوزہو رہے ہیں لیکن عوام سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں جانے کا کہہ رہے ہیں جبکہ ملک میں وبا تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی سے بخوبی آگاہ ہے، حکومت مہنگائی میں کمی لانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، چینی اور آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے اور عوام دیکھیں گے کہ آنے والے دنوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمیں مزید نیچے آئیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے حلقے کے لوگوں نے مسترد کیا، ان کی ہر تقریر وزیراعظم عمران خان کے نام سے شروع اور ختم ہوتی ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان ان کے دل و دماغ پر غالب ہیں۔